جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز جیتنے کے ارادے سے اترے گا ہندوستان
لکھنؤ،05؍ نومبر (آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) ٹیسٹ اور ون ڈے میں اپنا دبدبہ قائم رکھنے کے بعد ٹی 20کے پہلے میچ میں بھی شکست دینے والی والی ہندوستانی ٹیم منگل کو یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی فتوحات جاری رکھ کر سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 میں چار میچوں میں شکست کا سلسلہ اتوار کو کولکاتہ میں ٹوٹ گیا۔ویسٹ انڈیز کے لیے یہ دورہ اب تک اچھا نہیں رہا ہے اور ایسے میں دوسرے میچ میں بھی ہندوستان جیت کے مضبوط دعویدار کے طور پر میدان پر اترے گا۔ہندوستان نے اتوار کی جیت سے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری جیت 23 مارچ 2014 کو بنگلہ دیش میں ورلڈ ٹی 20 کے دوران درج کی تھی۔ایڈن گارڈن میں پانچ وکٹ سے فتح کے بعد ہندوستان نے موجودہ عالمی چمپئن کے خلاف ہار جیت کے اپنے ریکارڈ کو 5-3کر دیا ہے۔