ہندوستان۔ آسٹریلیا میچ کے ٹکٹوں کے لئے رات سے قطار میں ہزاروں افراد
اندور،19ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہاں ہولکر اسٹیڈیم میں 24 ستمبر کو کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ کے ٹکٹوں کے لئے ہزاروں کرکٹ مداح کل رات سے ہی قطار میں لگ گئے۔ ان میں بڑی تعداد میں شامل خواتین کی سہولت اور سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے آج پولس انتظامیہ نے پہلے سے مقررہ پروگرام سے ایک دن پہلے ہی ٹکٹ سیلز بند کرا دی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اودھیش کمار گوسوامی نے یہاں مدھیہ پردیش کرکٹ تنظیم (ایم پی سی اے) کے حکام کے ساتھ بلائی گئی پریس کانفرنس میں کہا، ہولکر اسٹیڈیم کے کیش کاؤنٹر کے باہر کل رات 10 بجے کے بعد غیر متوقع طور پر ہزاروں افراد جمع ہو گئے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت کے لئے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کا وقت طے کیا گیا تھا، جس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔
ان میں سے کچھ ایسی عورتیں ہیں جو گزشتہ رات سے اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ قطار میں ہیں۔انہوں نے کہا، ’ان حالات کے پیش نظر ہم خاص طور پر خواتین کی سہولت اور سیکورٹی کو لے کر کوئی خطرہ نہیں اٹھانا چاہتے۔ لہذا ہم نے ایم پی سی اے سے کہا کہ وہ ٹکٹوں کی فروخت کا پروگرام آج رات تک ختم کر دیں۔ پہلے ان ٹکٹوں کی فروخت 18 سے 20 ستمبر تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔