منموہن سنگھ خاموش ہیں ۔ان کی کارکردگی گونج رہی ہے یوپی اے کے دورحکومت میں شرح ترقی سب سے زیادہ 10.08 تھی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 19th August 2018, 10:57 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،19؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی) جی ڈی پی سے متعلق جاری نئے تازہ اعداد و شمار نے اس بات پر مہر لگا دی ہے کہ منموہن سنگھ کے دور اقتدار میں ملک کی معیشت نے سب سے تیز رفتار ترقی کی۔

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر حزب اختلاف یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ ان کی خاموشی کی وجہ سے ان کے دور اقتدار میں ملک ہر محاذ پر ناکام رہا اور ملک کی معیشت تباہ ہو گئی لیکن کم بولنے والے منموہن سنگھ کا کام اب چیخ چیخ کے بول رہا ہے۔ جی ڈی پی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال 07۔2006 میں حکومت نے جو جی ڈی پی کا ہدف رکھا تھا اس سے کہیں زیادہ ترقی کی تھی۔مالی سال 07۔2006 کے دوران ملک کی شرح ترقی 10.08 فیصد تھی جو اقتصادی اصلاحات کے بعد سب سے زیادہ تھی۔ یہ اعداد و شمار منموہن سنگھ کی حکومت نے جاری نہیں کئے ہیں بلکہ یہ اعداد و شمار موجودہ مودی حکومت نے جاری کئے ہیں۔ یہ اعداد و شمارمودی کی اس حکومت نے جاری کئے ہیں جس کے وزیر اعظم دنیا بھر میں یہ کہتے ہیں کہ آزادی کے بعد سے ملک میں کوئی کام ہی نہیں ہوا اور جو بھی کام ہوئے ہیں گزشتہ 4 سالوں میں ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہوئے ہیں۔

یہاں اس وضاحت کی بھی ضرورت ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ شرح ترقی 10.2 سال 89۔1988میں درج کی گئی تھی اور اس وقت وزیراعظم راجیو گاندھی تھے۔نیشنل اسٹائٹکس کمیشن کی تشکیل شدہ ’کمیٹی فار ریئل سیکٹر اسٹائٹکس‘ نے گزشتہ سیریز (05۔2004 کی بنیاد پر جی ڈی پی کے اعداد و شمار تیار کئے ہیں۔ یہ رپورٹ اسٹیٹکس اور پروگرام امپلی منٹیشن کی وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں پرانی سیریز(05۔2004) اور نئی سریز (12۔2011) کی قیمتوں پر مبنی شرح ترقی کا موازنہ کیا ہے۔ پرانی سیریز 05۔2004 کے تحت مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کی شرح ترقی مستحکم قیمت پر07۔2006 میں 9.57 فیصد رہی اور اس وقت منموہن سنگھ وزارت عظمٰی پر فائز تھے۔ نئی سیریز (12۔2011) کے تحت یہ شرح ترقی 10.08 فیصد رہنے کی بات کہی گئی ہے۔سال 1991 میں اس وقت کے وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی قیادت میں اقتصادی اصلاحات معاشی آزاد خیالی کی شروعات ہوئی تھی جس کے بعد یہ ملک کی سب سے زیادہ شرح ترقی ہے۔ رپورٹ کے بعد کانگریس نے ٹوئٹ پر لکھا، ’’جی ڈی پی سیریز پر مبنی اعداد و شمار بالآخر جاری ہو گئے ہیں۔ جو ثابت کرتا ہے کہ یو پی اے حکومت کے دوران (اوسطاً 8.1 فیصد) کی شرح ترقی مودی حکومت کے دور اقتدر کی اوسطاً شرح ترقی (7.3 فیصد) سے زیادہ رہی۔‘‘پارٹی نے کہا، ’’یو پی اے حکومت کے دوران شرح ترقی دہائی کے ہندسہ پر رہی جو جدید ہندوستان کی تاریخ میں واحد مثال ہے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق بعد کے سالوں کے لئے بھی جی ڈی پی کے اعداد و شمار میں بھی ترمیم کر کے اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے لئے بہتر ہو گا کہ وہ سابق حکومتوں کے کاموں کی ستائش کرنا شروع کر دیں کیونکہ اعداد و شمار غلط بیانی نہیں کرتے۔

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...

مودی ہمیشہ ای وی ایم کے ذریعہ کامیاب ہوتے ہیں،تلنگانہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سنسنی خیز تبصرہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہر مرتبہ مودی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں( ای وی ایمس )کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں اور جب تک ای وی ایم کےذریعے انتخابات  کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا،  بی جے پی نہیں ہار سکتی۔

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...