بھٹکل 10؍جنوری (ایس اونیوز) بھٹکل تعلقہ کے ماروکیری علاقے میں کیترے کے مقام پر سرکای زمین پر ناجائز قبضے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی عوام نے تحصیلدار کو میمورنڈم پیش کیا جس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ عوامی راستے پر کیے گئے اس قبضے کو فوری طور پر ہٹادیا جائے۔
میمورنڈم میں درج تفصیل کے مطابق کیترے گرام کے سروے نمبر83 میں ایک سرکاری ہاڈی کی جگہ تھی۔ اس میں سے عوامی سہولت کے لئے 10فٹ کا راستہ اور ایک طرف برساتی پانی کی نکاسی کے لئے نالی بنائی گئی تھی۔ اب ایک شخص نے اس پر کمپاؤنڈ کی دیوار تعمیر کرتے ہوئے وہاں سے گزرنے والے مقامی لوگوں کے لئے اور برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام راستے بند کردئے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ یہ راستہ بند ہوجانے کی وجہ سے ان کے گاؤں تک لاریاں اور ٹرک نہیں آسکتے جس سے ان کے یہاں تعمیری اور ترقیاتی سرگرمیوں پر روک لگ گئی ہے۔کمپاؤنڈ کی دیوار تعمیر کرنے والے اس شخص نے عوامی حقوق پر قبضہ کرلیا ہے۔ اس لئے متعلقہ افسران کو اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عوام کی آمد و رفت کے لئے پہلے سے موجود راستہ صاف کرکے دینا چاہیے۔
تحصیلدار وی این باڈکر نے عوام کی طرف سے پیش کردہ میمورنڈم قبول کیا اور تحقیقات کرتے ہوئے مناسب اقدام کرنے کا یقین دلایا۔