میں کمار سوامی کو دوبارہ وزیر اعلیٰ دیکھنا چاہتا ہوں: دیوے گوڈا
بنگلورو:20/اپریل(ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ اب ان کی یہی ایک تمنا رہ گئی ہے کہ ان کے فرزند ایچ ڈی کمار سوامی ایک بار پھر ریاست کے وزیر اعلیٰ بنیں۔ یہی تمنا ریاستی عوام کی بھی ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کمار سوامی کے انتظامیہ کو آج بھی لوگ بہترین قرار دے کر اسے یاد کرتے ہیں۔ جنتا دل (ایس) دفتر میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے 30ایسے اسمبلی حلقوں کی نشاندہی کی ہے جن کو جیتنے سے جنتادل (ایس) ریاست کے اقتدار میں اپنی فیصلہ کن حیثیت قائم کرپائے گی۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں لوگوں نے یڈیورپا، سدانند گوڈا، جگدیش شٹر اور سدرامیا کا اقتدار دیکھا ہے، ان چاروں کو دیکھنے کے بعد اب وہ یہی نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ان میں سے ایک بھی کمار سوامی کے برابر نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام طبقات کو اعتماد میں لے کر کمار سوامی نے ریاست میں 20ماہ کی حکومت چلائی۔ آنے والے دنوں میں اگر ریاستی عوام نے موقع دیا تو پارٹی کی یہی کوشش ہوگی کہ عوام کے ہر طبقے کے ساتھ انصاف کرے اور ان کی ہر امنگ کو پورا کرنے کی کوشش کرے۔