مہاراشٹر میں شوہر نے اپنے سامنے ہی کروائی نابالغ بیوی کی عصمت دری
ممبئی / نئی دہلی24اگست (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) مہاراشٹر کے تھانے میں پولیس نے ایک نو شادی شدہ نابالغ لڑکی کی مبینہ طور پر عصمت دری کرنے کے معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ متاثرہ کی عمر 17 سال ہے۔ افسران کے مطابق متاثرہ کی ماں نے اس معاملے کی پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ شکایت کے مطابق ہولی کے دن متاثرہ نے اپنے شوہر کے ساتھ بدلا پوتر میں کسی رشتے دار کے یہاں گئی تھی جہاں اس کے شوہر کی مبینہ شہ پر ایک رشتہ دار نے اس کے سامنے ہی رومال سے متاثرہ کا منھ باندھ کر ریپ کیا۔
افسران کے مطابق شوہر نے متاثرہ کو دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے واقعے کا ذکر اپنے والدین یا کسی اور سے کیا تو ٹھیک نہیں ہوگا۔ تھانے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اہم ملزم اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں ملزموں پر عصمت دری اور مجرمانہ دھمکی دینے کا کیس درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چونکہ متاثرہ نابالغ ہے اس لئے پوکسو ایکٹ کے تحت بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ جن لوگوں نے نابالغ لڑکی کی شادی کروائی ان کے خلاف بھی نابالغ کی شادی کی روک تھام کے قانون کے تحت معاملہ درج کیا جا سکتا ہے۔