ہبلی 7؍اگست (ایس او نیوز) محکمہ بی ایس این ایل کی طرف سے پرانی ہبلی میں کی گئی کھدائی کے بعدمہینوں سے کھلے پڑے ہوئے گہرے گڈھے میں ایک گھوڑا گرگیا اور گڈھے میں جمع بارش کے پانی اور کیچڑ میں پھنس کررہ گیا۔ جسے بعد میں مقامی لوگوں نے بچالیا۔
بتایا گیا ہے کہ کہ گھوڑا گڈھے میں گرنے کے بعد اوپر آنے کی جدوجہد میں اور زیادہ کیچڑ میں لت پت ہوگیا اور اپنے طور پر کسی بھی طرح اوپر آنے کی پوزیشن میں نہیں رہا تو مقامی لوگوں نے آگے بڑھ کر بڑی کوشش کے بعد گھوڑے کو بہ سلامت اوپر کھینچ نکالا۔عوام کا کہنا ہے کہ بی ایس این ایل کی بے پروائی سے اس طرح کے کھلے چھوڑے گئے گڈھو ں میں انسانوں کے گرنے اور نقصان اٹھانے کے امکانات بہت زیادہ ہیں ۔ اس کے باوجود محکمہ اس طرف توجہ نہیں دے رہا ہے۔