ہوناور میں بائک اور سرکاری بس کے درمیان تصادم : خاتون بائک سوار جائے وقوع پر ہلاک
ہوناور:15/اکتوبر(ایس اؤ نیوز) تعلقہ کے ایمّفائل نامی گاؤں میں ایک خاتون بائک سوار سرکاری بس سے ٹکرانے کے نتیجے میں جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ یہ حادثہ پیر کو پیش آیا۔
مہلوکہ خاتون بائک سوار کی شناخت سومیا دتاتریا بھٹ(28)کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوکہ کمٹہ تعلقہ کے کڈتوکا دیہات کے جڈی گدے کی مکین اور بھرت ناٹیا کی استادنی تھیں۔ بتایاگیا ہےکہ سومیا اپنی بائک کے ذریعے کرکی دیہات سے ہوناور کے لئے نکلی تھی جبکہ سرکاری بس منگلورو سے ہانگل کی طرف روانہ جارہی تھی ۔بائک اور سرکاری بس کے درمیان تصادم ہونے سے حادثہ پیش آیا اور خاتون بائک سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگئی ۔ ہوناور پولس تھانے میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔