مینگلور5/اگست (ایس او نیوز) یہاں کے قریبی علاقہ مُلکی ۔ہلے انگڑی نیشنل ہائی وے پر ایک سومو کار، اسکوٹر سے ٹکرانے کے بعد اسکوٹر سوار سیدھے قریب سے گذررہی لاری کے پچھلے پہیوں کی زد میں آکر ہلاک ہونے کی واردات پیش آئی ہے۔ حادثہ سنیچر شام کو پیش آیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مرنے والے اسکوٹر سوار کی شناخت کولناڈو کے رہنے والا رویندرا امین (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رویندرا سورتکل کالج میں سیکوریٹی گارڈ کی ملازمت کرتا تھا، وہ صبح ڈیوٹی کے لئے اسکوٹر پر سوار ہوکر سورتکل جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار ٹا ٹا سومو نے اس کی اسکوٹر کو ٹکر ماردی۔ ٹکر لگتے ہی رویندرا اسکوٹر سے گرگیا ، اُسی دوران قریب سے گذررہی لاری کا پچھلا پہیہ اس کے اوپر سے گذرگیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ ٹاٹا سومو کار اسکوٹر کو ٹکر مارکر فرار ہوگئی ہے اور پولس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اُس کی تلاش میں جٹ گئی ہے۔
رویندرا کو اہلیہ اور ایک لڑکی ہے۔
مینگلور (شمالی) ٹریفک پولس میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔