منگلورو13؍جنوری (ایس او نیوز)یہاں سے قریب کُنٹا پاڈی جیپو میں ایک سنسنی خیز واردات میں بدنام زمانہ گینگ ٹارگٹ گروپ کے گُرگے الیاس کوچھرا گھونپ کر قتل کردیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق الیاس تین دن قبل ہی جیل سے رہا ہوکر اپنے گھر آیا تھا۔ آج صبح کے وقت جب وہ اپنے بیٹے کے ساتھ سورہا تھا تو گھر کے دروازے پر دستک ہوئی۔ الیاس کی ساس نے دروازہ کھولا تو دواجنبی حملہ آور گھر کے اندر گھس آئے اور سوئے ہوئے الیاس کو چھرا گھونپ کر فرار ہوگئے۔ زخمی حالت میں الیا س کوایک نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کے فوت ہونے کی تصدیق کی گئی۔پولیس کو شبہ ہے کہ گینگ وار کے نتیجے میں الیاس کے قتل کی واردات انجام دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ منگلورو میں دیپک راؤ قتل کے بعد سوشیل میڈیا پر الیاس کے ساتھ کھینچی گئی وزیر غذا یوٹی قادر کی ایک تصویر کو بعض گروپس میں وائرل کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا تھا کہ دیپک راؤ قتل معاملے میں ٹارگٹ گروپ کے الیاس کا ہاتھ ہے اور ایسے قاتلوں سے یو ٹی قادر کے تعلقات ہیں۔ اس کے بعد یوٹی قادر نے اس سلسلے میں تردیدی بیان بھی جاری کیا تھا۔