ساحلی کرناٹکا میں مانسون کی دھماکے دار آمد؛ پورے خطہ میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ زور دار بارش؛ کارگیدے میں روڈ بہہ گیا؛ مینگلور میں مندر پر درخت گرنے سے چار زخمی

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 9th June 2018, 2:32 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 9/جون (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹکا کے اضلاع  اُترکنڑا،اُڈپی اور دکشن کنڑا میں اس بار  مانسون  کی دھماکے دار آمد ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی  تینوں ساحلی اضلاع میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ زور دار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ موسلادھار بارش سے لوگوں کو   گھروں سے نکلنے میں دشواری ہورہی ہے تو وہیں دوسری طرف  بارش کی وجہ سے دکانوں میں گاہک بھی نہیں آرہے ہیں، جس سے کاروبار بھی کافی متاثر ہوا ہے۔

بھٹکل میں روڈ بارش کی نذر:   دو دنوں کی مسلسل بارش سے بھٹکل کے کارگیدے مسجد مزمل کے سامنے والی پوری سڑک بارش کی نذر ہوگئی ہے۔ زوردار بارش یہاں کی پوری سڑک کو اپنے ساتھ بہالے گئی ہے، جس کے نتیجے میں  اس سڑک پر عوام کا چلنا پھرنا دوبھر ہوگیا ہے۔  راستہ بے حد خراب ہونے کی وجہ سے مسجد میں نمازیوں کی تعداد پر بھی کافی اثر پڑا ہے، جبکہ روڈ پر سواریوں کا  گذر بند ہوگیاہے۔ عوام نے  مقامی تحصیلدار پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کرکے سڑک کو استعمال کے قابل بنائیں۔ عوام نے مقامی سماجی اداہ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ علاقہ کے پنچایت ممبر پر زور ڈالیں کہ وہ  یہاں پر منظور کئے گئے کانکریٹ روڈ  کی فوری تعمیر کو یقینی بنائیں، جس کے  لئے  چھ ماہ قبل ہی  اُس وقت کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے فنڈ ریلیز کئے جانے کا عوامی اجلاس میں اعلان کیا تھا، مگر اتنا عرصہ گذرنے کے بائوجود سڑک کی تعمیر کا کام رُکا ہوا ہے۔

مکان پر درخت گرنے سے گھر کو نقصان:  طوفانی بارش کے نتیجے میں آج سنیچر کوبھٹکل تعلقہ کے مُٹھلی گرام پنچایت حدود کے تلاند میں ایک مکان پر کاجو کا درخت  گرنے سے گھر کی چھت کو نقصان پہنچا ہے۔ نقصان کا تخمینہ قریب بیس ہزار روپیہ لگایا گیا ہے۔ محکمہ روینو کے آفسران نے موقع پر پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔

بھٹکل میں ایک رمضان باکڑہ کی چھت اُڑگئی: یہاں بھٹکل ماری کٹہ میں ایک رمضان باکڑا کی چھت  طوفانی ہوائوں سے اُڑگئی، البتہ کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔  بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شام کو جیسے ہی طوفانی ہواوں کےساتھ بارش شروع ہوئی،  ایک باکڑا کی چھت کے لئے استعمال کئے گئے شیٹ اپنی جگہ سے اُکھڑ گئی اور نیچے جاگری، یہ تو اچھا ہوا کہ اُس وقت قریب میں کوئی  گاہک نہیں تھے، ورنہ  شیٹ کا اس طرح گرنا خطرناک ثابت ہوسکتا تھا۔

مینگلور میں  گھنا درخت گرنے سے مندر کو نقصان ، چار زخمی:  مینگلور میں جمعہ کی شام کو ہوئی طوفانی بارش کے نتیجے میں مینگلور کے تاریخی  منگلادیوی مندر پر پیپل کا گھنا درخت گرنے سے نہ صرف مندر کو نقصان پہنچاہے بلکہ اس کی زد میں آکر چار لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں، جن کی شناخت سُریکھا (63)، پروین سورنا (49) ، نوین (45) اور تیجسوینی (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ چاروں کو کافی چوٹیں آنے کی وجہ سے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  مندر کے باہر رکھی ہوئی ایک کار کو بھی درخت گرنے سے نقصان ہوا ہے۔ موسلادھار بارش کو دیکھتے ہوئے آج سنیچر کو مینگلور کے اکثر  اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

کل سے جاری موسلادھار بارش سے آج سنیچر کو مینگلور میں کئی علاقوں میں درخت اُکھڑنےکی واردات پیش آئی ہیں،سورتکل میں ایک قدم مکان پر درخت گرنے سے پورا مکان منہدم ہوگیا ہے، اسی طرح  مینگلور کے بھوانی اسٹریٹ اور نہرو میدان میں بھی درختوں کے گرنے سے نقصانات ہوئے ہیں۔

 

اُڈپی میں بھی موسلادھار بارش:  پڑوسی ضلع اُڈپی میں بھی طوفانی ہوائوں کےساتھ زوردار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کو دیکھتے ہوئے آج سنیچر کو اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ موسلادھار بارش سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے اور لوگ گھروں کے اندر ہی دبک گئے ہیں۔ بارش سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی اطلاعات ہیں، البتہ کسی بھی طرح کے نقصانات کی کوئی خبر نہیں ہے۔

انکولہ میں  الیکٹرک وائر گرنے سے تین گائے ہلاک: موسلادھار بارش کے دوران ضلع اُترکنڑا کے انکولہ تعلقہ کے الگیری دیہات میں الیکٹرک وائر ٹوٹ کر گرنے کے نتیجے میں تین گائے ہلاک ہونے کی واردات پیش آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سنیچر صبح طوفانی ہواوں کے ساتھ بارش جاری تھی کہ اچانک بجلی دوڑنے والی الیکٹرک وائر کھمبے سے الگ ہوکر نیچے گری۔ بتایا گیا ہے کہ اُس وقت کافی جانور چررہے تھے، جس میں سے تین گائیوں پر وائر گرنے سے تینوں گائے موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کافی چہل پہل والے علاقے میں یہ واردات پیش آئی ہے، یہ تو اچھا ہوا کہ یہ وائر کسی راہگیر پر نہیں گری، ورنہ  انسانی جان بھی جاسکتی تھی ۔

کاروار ، کمٹہ، ہوناور  میں بھی بارش:   اُدھر ضلع اُترکنڑا کے کاروار، انکولہ، کمٹہ، ہوناور ، یلاپور، ہلیال اور سرسی میں بھی دو روز سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،  کئی علاقوں میں بارش سے درختوں کے مکانوں پر گرنے  اور الیکٹرک سروس متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، البتہ دیگر کسی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔