کورگ میں تازہ موسلادھار بارش سے عوام میں دہشت
بنگلورو،6؍اکتوبر(ایس او نیوز) گزشتہ ماہ موسلادھار بارش ، تباہ کن سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات سے بدحال کورگ ضلع میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ ضلع میں آنے والے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا یہ سلسلہ اور شدت اختیار کرسکتاہے۔ کورگ ضلع کے مرکیرہ ، ویراج پیٹ اور سوموار پیٹ میں بارش کی شدت محسوس کی گئی۔ ویراج پیٹ میں بارش کے سبب بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ گزشتہ ماہ طوفان ، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات سے تباہ ہونے کے بعد ابھی یہ علاقے سنبھلنے بھی نہیں پائے ہیں کہ بارش کا سلسلہ دوبارہ چل پڑا ہے۔ یہاں کے 32 دیہاتوں میں زمین کھسکنے سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا تھا، اب دوبارہ بارش شروع ہونے کے سبب ان کا مستقبل پھر خطرے میں نظر آنے لگاہے ۔زمین کھسکنے کے واقعات سے گھاٹ سیکشن کے سڑکوں کی بڑے پیمانے پر مرمت کی گئی تھی۔موسلادھار بارش کی وجہ سے ایک بار پھر یہاں زمین کھسکنے کے خدشے ظاہر کئے گئے ہیں۔ بارش شروع ہوتے ہی اس علاقے میں ٹریک بھی رک گئی ہے، خاص طور پر گھاٹ سیکشن کی ان پہاڑیوں اور ڈھلانوں کی طرف گاڑیوں کو جانے سے روک دیاگیا ہے جن میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ ضلع بھر میں گزشتہ ماہ کی تباہی کے نتیجے میں اکھڑنے والے بجلی کے کھمبوں کی مرمت کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اس دوران تازہ بارشوں نے یہاں کے لوگوں کو دہشت زدہ کردیاہے۔ بارش کی وجہ سے مرکیرہ کا بازار زیر آب آچکا ہے۔ اور تاجروں نے دہشت کے مارے اپنی تجارت کل ہی سے بند کردی ہے۔