بنگلورو،20؍جولائی(ایس او نیوز)کورگ میں موسلادھار بارش اور سیلاب کی صورتحال کے دوران وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کو متوجہ کرانے کے لئے سوشیل میڈیا پر آنے والے ویڈیو میں جو بچہ وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کو صورتحال پر متوجہ کروارہاتھا، آج کورگ میں وزیراعلیٰ کمار سوامی نے اس بچے عبدالفتح سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج کورگ ضلع میں انتظامیہ کے ساتھ جب ضلع کی صورتحال کا جائزہ لیا تو اس وقت انہوں نے یہ یقین دلایا کہ ضلع کی ترقی کے لئے حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی، پہلے مرحلے میں کورگ میں بارش کی تباہی سے نپٹنے کے لئے وزیر اعلیٰ نے سو کروڑ روپے جاری کرنے کا تیقن دیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اس بچے سے مخاطب ہوکر کہا کہ کورگ کی صورتحال کے متعلق اس نے انہیں متوجہ کرانے کی جو کوشش کی ہے اس پر توجہ دے کر وہ کورگ آئے ہیں اور وہ اس دورے سے یہی ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے اس ضلع کو نظر انداز نہیں کیاہے۔
اس موقع پر بچہ عبدالفتح نے وزیر اعلیٰ کمار سوامی سے اپنی ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ سے اس نے مانگ کی ہے کہ اس کے اسکول کی حصار بندی کرائی جائے۔ ساتھ ہی اس کے گاؤں میں سڑکیں بہت خستہ ہوچکی ہیں جن کی مرمت کا بھی مطالبہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس کے مطالبوں کومنظور کرلیاہے۔