حجاج کرام کے پہلے قافلے کی دعاؤں کے ساتھ سوئے حرم روانگی، نفرت پھیلانے والوں کو سختی سے کچلا جائیگا : سدارامیا ، حج بھون میں کسٹمز اور امگریشن کی سہولت بحال کرنے کا تیقن

Source: S.O. News Service | By Jafar Sadique Nooruddin | Published on 8th August 2017, 11:23 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو:7/اگست (ایس ا ونیوز) علمائے کرام کی مستجاب دعاؤں، لبیک کی صداؤں کے ساتھ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی موجودگی میں وزیر برائے شہری ترقیات و حج آر روشن بیگ کی نگرانی میں حج 2017ء کی پہلی پرواز کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس موقع پر اکثر مقررین نے جناب روشن بیگ صاحب کی بے لوث حج خدمات کو قابل تقلید قرار دیا۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ 21 سال سے جاری رواج کو ختم کرکے حج کیمپ یا حج بھون کے بجائے ایر پورٹ میں امگریشن و کسٹمز کیلئے جاری ہدایت پر شدید تشویش کا اظہار کیاگیا۔ وزیر حج جناب آر روشن بیگ کی درخواست پر وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اعلان کیا کہ وہ کل ہی اس معاملہ پر مرکزی حکومت کے روبرو احتجاج درج کرائیں گے۔ حج پروازوں کا افتتاح کرنے کے بعد پہلی حج پرواز کے چند عازمین میں علامتی طور پر ویزا فراہم کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ریاست میں امن و خوشحالی، ترقی اور باران رحمت کیلئے خصو صی دعا فرمائیں۔ انہوں نے پرارتھنا کی کہ سفر حج آسان ہو اور تمام عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد بعافیت وطن عزیز لوٹیں۔ سدارامیا نے بتایا کہ حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے، انہوں نے بتایا کہ انسانیت کے ساتھ زندگی بسر کرنا بے حد ضروری ہے، کیونکہ کوئی مذہب نفرت کی تعلیم نہیں دیتا، ایک دوسرے کا احترام کرنا ہی تمام مذاہب کا درس ہے، مگر چند لوگ سیاسی مفاد کیلئے مذہب و ذات کے نام پر عوام کو گمراہ کرتے ہوئے نفرت پھلانے کی کوشش کررہے ہیں، ان کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مسٹر سدارامیا نے بتایا کہ ان کی حکومت سکیولرزم کی پابند ہے، اور سکیولرزم کی باتیں ضمیر سے نکلنی چاہئے، اور وہ سکیولرزم کے ساتھ کسی بھی طرح کا سودا کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ان کی قیادت والی حکومت ریاست کے تمام عوام کے علاوہ اقلیتوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیگی۔ وزیراعلیٰ نے واضح الفاظ میں بتایا کہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کو سختی کے ساتھ کچلا جائیگا چاہے وہ کتنے بھی طاقتور کیوں نہ ہوں۔ سدارامیا نے بتایا کہ کسٹمز اور امگریشن کے نظام میں جو بندشیں عائد کی گئی ہیں وہ بدبختانہ ہیں اور ہوسکتا ہے کہ جان بوجھ کر یہ شرارت کی گئی ہے، اس معاملہ پر وہ کل ہی مرکز کے روبرو احتجاج درج کرتے ہوئے اس کی مذمت کریں گے اور سابقہ نظام کی بحالی کی درخواست کریں گے۔
مدھویاکشی گوڈ: اے آئی سی سی سکریٹری و کرناٹک کانگریس امور کے نگراں مدھویاکشی گوڈ نے فصیح اردو میں خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ اس طرح کا حج بھون ملک میں کہیں بھی دیکھنے کو نہیں ملتا، ایسے کام کیلئے پیسوں سے زیادہ خلوص کی ضرورت ہوتی ہے، جو خادم الحجاج جناب روشن بیگ میں موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ والدین نے سوچ سمجھ کر ان کا نام روشن بیگ رکھا ہے، جن کے ذریعہ ایسے روشن کارنامے انجام دئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو سکیولر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ملک سب کا ہے، ہونا تو یہ ہے کہ اکثریتی فرقہ اقلیتی فرقہ کے حقوق کا لحاظ رکھے۔ اس اہم دستوری ذمہ داری سے وزیر اعظم ناواقف ہیں، وہ ملک کو تقسیم کرکے اس وطن کو چلاناچاہتے ہیں، جو ہونے نہیں دیا جائیگا۔ اس ملک میں گؤ رکشکوں کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی۔ عازمین حج ملک کی سالمیت اور وزیر اعظم کا ذہن بدلنے کے علاوہ دوبارہ کانگریس کے اقتدار کیلئے دعا کریں۔
محمد منصور خان : آئی ایم اے کے سربراہ محمد منصورخان نے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور وزیربرائے شہری ترقیات و حج آر روشن بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تقریباً پانچ ہزار عازمین حج کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج وی کے عبید اللہ سرکاری اسکول جو ناجائز سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا تھا، عالیشان عمارت کی تعمیر اور افتتاح کے بعد تقریباً دوہزار طلبہ مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ جناب منصور خان نے وزیر اعلیٰ کے علم میں یہ بات لائی کہ جناب روشن بیگ کی سرپرستی میں حلقہ شیواجی نگر کے 25 ہزار لوگوں کو یشسونی اسکیم کے تحت 625 کروڑ روپیوں کی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی جو ایک کارنامہ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئی ایم اے کے احباب حج کیمپ کے اختتام تک بحیثیت رضاکار عازمین کی خدمات انجام دیں گے۔
مولانا زین العابدین رشادی مظاہری: اس موقع پر اپنے خطاب میں مولانا زین العابدین رشادی مظاہری نے کہا کہ حج کا سفر انتہائی مبارک سفر ہے۔ لیکن شیطان پیچھے لگا رہتاہے۔ اس لئے ہر معاملہ پر احتیاط کرنا چاہئے اور نگاہوں کی خاص طور پر حفاظت کرنی چاہئے۔ انہوں نے عازمین حج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حج کے بعد اگر حاجی کہلانا اتناہی باعث فضیلت ہوتا تو سب سے پہلے حضرت آدم ؑ کے ساتھ حاجی آدمؑ لکھا جاتا۔ مولانا رشادی نے کہا کہ حجاج کرام اپنی نیت کو درست رکھیں۔
مولانا لطف اللہ مظہر رشادی : مولانا لطف اللہ مظہر رشادی نے کہا کہ عازمین کرام حد درجہ احتیاط برتیں کیونکہ اگر حج کے ایام میں کوئی غلطی ہوگئی تو اس پر مہر لگ جاتی ہے۔ اس لئے پانچ دنوں میں پورے احتیاط سے زندگی گزاریں۔ اس سفر میں خصوصاً 8 دنوں میں زبان سے کوئی غلط جملہ نہ نکالیں۔ اللہ نے نصیب سے بلایا ہے اس کی قدر کریں۔
مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی : مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی نے کہا کہ شہر میں حج کیمپ کو سجانے اور سنوارنے کا سہرا الحاج آر روشن بیگ کے سرجاتا ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی دلچسپی اور محنت و لگن سے بنگلورو حج کیمپ کو پورے ملک کیلئے مثالی بنادیا ہے۔ مولانا نے عازمین کرام سے درخواست کی کہ وہ مقامات مقدسہ میں مسلمانوں کے عروج اور سربلندی، دستور کی بالادستی کیلئے دعا فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام آسمانی مذہب ہے۔ اس کی بنیاد وہی پر ہے۔ پہلی وحی اقراء کے متعلق ہے اور آخری وحی تکمیل دین کے متعلق ہے، جہاں عقل ختم ہوتی ہے وہاں سے وحی کا آغاز ہوتا ہے۔
مولانا مقصود عمران رشادی : مولانا مقصود عمران رشادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمت بڑی عبادت ہے، آئی ایم اے کے ایم ڈی محمد منصور خان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے معقول کھانے کا نظم کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ الحاج آر روشن بیگ کی خدمات کو قبول فرمائے اور عازمین کے حج کو قبول فرمائے۔
علامہ تنویر ہاشمی بیجاپور: علامہ سید تنویر ہاشمی نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں حج کا پروانہ ملا ہے، جنہیں روضہ رسولﷺ کی زیارت نصیب ہوگی۔ یہ ساری رحمتیں اور سعادتیں پیسوں کے بل بوتے پر نہیں بلکہ رب کی اجازت پر موقوف ہہیں۔ علامہ ہاشمی نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے گھر کو پورے عالم کیلئے مرکز ہدایت بنایا ہے۔ امام اعظم ابوحنیفہؒ نے فرمایا کہ کعبتہ اللہ شریف پر پہلی نظر جب پڑتی ہے اس وقت جو بھی دعا کی جاتی ہے وہ قبول ہوتی ہے۔ دعا کریں کہ مولا مجھے ایسا بنادے کہ میں جو بھی دعا کروں اسے شرف قبولیت عطا ہو۔ علامہ نے کہا کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم نے شہر مکہ کو مخاطب کرکے فرمایا کہ اگر میری قوم مجھے یہاں سے ہجرت پر مجبور نہ کرتی تو کبھی میں یہاں سے نہ جاتا۔ نبی کریم ﷺ نے مدینہ شریف کے بارے میں دعا فرمائی کہ اے اللہ اس شہر میں دوگنی برکت عطا فرما۔ جو میرے روضہ کی زیارت کرے اس کو شفاعت عطا فرما۔ عازمین کرام خوش نصیب ہیں کہ انہیں شہر مکہ، مدینہ اور روضہ رسولﷺ کی زیارت نصیب ہوگی، اور روضہ رسولﷺ پر حاضری کا شرف حاصل کرنے والوں کے بارے میں نبیﷺ نے فرمایا کہ گویا میری حیات میں حاضری دی۔ علامہ تنویر ہاشمی نے کہا کہ آج ملک کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔ ہندوؤں کو مسلمانوں سے اور مسلمانوں کو ہندوؤں سے متنفر کیا جارہا ہے۔ سب سے عزیز گائے کی جان اور سب سے سستی مسلمانوں کی جان ہوگئی ہے۔ عازمین دیار حبیبﷺ میں وطن کی سلامتی کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں پورے سواسو کروڑ ہندوستانیوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کبھی ظالموں کو برداشت نہیں کیا۔ جب ملک میں انگریز باقی نہیں رہے تو نفرت کے سوداگر کیسے باقی رہ سکتے ہیں۔ نفرت کے سوداگروں سے بھی یہ ملک ضرور آزادی حاصل کریگا۔ علامہ نے کہا کہ ہمارا کرناٹکا ٹیپو سلطانؒ ، توکل مستانؒ ، خواجہ بندہ نوازؒ ، ہاشم پیرؒ اور بشویشور کا کرناٹک ہے۔ ریاست میں امن کے دشمنوں نے نفرت کی آگ کو بھڑکانے کی کافی کوشش کی لیکن سکیولرزم کی علامت وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سکیولرزم کی بات کی جاتی ہے، اگر کسی کو سکیولرزم کی عملی تصویر دیکھنا ہوتو وہ ریاست کرناٹک میں آئے اور یہاں سکیولرزم کا بذات خود مشاہدہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ یہیں سکیولر حکمت جس کی قیادت سدارامیا کررہے دوبارہ پھر برسر اقتدار آئے۔ علامہ نے کہا کہ قائد ملت الحاج روشن بیگ کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ حجاج کی خدمات میں تو ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔حجاج کرام کی مثالی خدمات کی بدولت ہی اللہ رب العزت نے انہیں تین بار اپنے گھر کے اندر جانے کا موقع عنایت فرمایا۔ یہ سعادت یقیناًمسلمانوں کیلئے باعث رشک ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔

لوک سبھا انتخاب 2024: کرناٹک میں کانگریس کو حاصل کرنے کے لیے بہت کچھ ہے

کیا بی جے پی اس مرتبہ اپنی 2019 لوک سبھا انتخاب والی کارکردگی دہرا سکتی ہے؟ لگتا تو نہیں ہے۔ اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ اول، ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے، اور دوئم بی جے پی اندرونی لڑائی سے نبرد آزما ہے۔ اس کے مقابلے میں کانگریس زیادہ متحد اور پرعزم نظر آ رہی ہے اور اسے بھروسہ ہے ...