حج کمیٹی کے عازمین کو رقم ادا کرنے 10جولائی تک مہلت
بنگلورو،19؍جون(ایس اونیوز) امسال سفر حج بیت اﷲ کی ادائیگی کیلئے منتخب خوش نصیب عازمین کو دوسری اور قطعی قسط پر مشتمل رقم کی ادائیگی کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے مہلت میں توسیع کی ہے۔ وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے اپنے ایک اخباری بیان میں عازمین حج کو یہ خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے یہ مہلت اب 19جون سے بڑھاکر 10جولائی تک کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ چونکہ ماہ رمضان چل رہاہے، اور آخری عشرہ کی عبادات میں تمام مصروف ہیں ، ساتھ ہی عیدالفطر کی تیاریاں بھی چل رہی ہیں۔اسی لئے منتخب عازمین کی طر ف سے رقم کی ادائیگی کیلئے مرکزی حج کمیٹی نے 19جون کی جو آخری تاریخ طے کی تھی، اس سے ہونے والی دشواریوں کے سلسلے میں انہوں نے خود مرکزی حج کمیٹی سے نمائندگی کرتے ہوئے گذارش کی تھی کہ اس تاریخ میں خاطر خواہ توسیع کی جائے، ان کی اس گذارش کو منظور کرتے ہوئے مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے مہلت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے، اب عازمین 10جولائی تک یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میں جمع کراسکتے ہیں۔اس کیلئے جناب روشن بیگ نے مرکزی حج کمیٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔