گوجر تحریک آٹھویں دن بھی جاری
جے پور،15 ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گوجر سمیت پانچ ذاتوں کو ریزرویشن سے متعلق بل اسمبلی میں منظور کئے جانے کے بعد بھی راجستھان میں گوجروں کی تحریک جمعہ کو آٹھویں دن جاری رہی۔ اس تحریک کی وجہ سے گوجر اکثریتی اضلاع میں کئی ریل اور سڑک کے راستے بند ہیں۔وہیں تعطل کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے وزیر سیاحت وشویندر سنگھ اور ریزرویشن سنگھرش سمیتی کے نمائندوں کے درمیان سوائی مادھوپور کے ملارنا ڈونگر میں بند کمرے میں اجلاس چل رہی ہے۔ملارنا ڈونگر کے ایس ایچ او برجیدر سنگھ نے بتایا کہ اجلاس میں مظاہرین کے نمائندے بھی شامل ہیں۔شمال مغرب ریلوے کے افسر ابی شرما نے بتایا کہ گوجر ریزرویشن تحریک کی وجہ سے گزشتہ آٹھ دنوں میں 64 ریل گاڑیوں کو منسوخ کیا گیا اور 71 ریل گاڑیوں کے راستے میں تبدیلی کی گئی، وہیں 32 ریل گاڑیاں جزوی طور پر منسوخ کی گئی ہیں۔