گجرات : بیل کے قتل کے قبائلی ملزم کی حراست میں موت
سابرکاٹھا،6؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گجرات کے سابرکاٹھا ضلع میں بیل کے قتل کے الزام میں ایک قبائلی شخص نے پولیس حراست میں دم توڑدیاہے۔58سال کے کوڈر گمار کو گجرات کے گؤکشی کے نئے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔وہ ضلع میں نئے قانون کے تحت گرفتار ہونے والے پہلے چار لوگوں میں ایک تھا۔پولیس نے موت کا کیس درج کر لیا ہے اور عدالتی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔گمار کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ اس پر حراست میں زیادتی کی گئی۔کھیڈبرہما تعلقہ کے کوٹڈا گاؤں کے رہنے والے گمار کو پولیس نے2مئی کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق وہ حراست میں گرمی کی وجہ سے خراب طبیعت کی شکایت کر رہا تھا۔جیل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے پتہ چلا ہے کہ جمعرات کو باتھ روم سے باہر نکلتے ہی گمار کو الٹیاں شروع ہو گئیں اور وہ بیہوش ہوگیا۔یہاں سے اس کی پہلی مقامی ہسپتال اور بعد میں احمد آباد کے سول ہسپتال لے جایاگیا۔لیکن اس کو بچایا نہیں جاسکا۔خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گمار کے دماغ کی رگ پھٹنے کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔