لڑکیوں کی تعلیمی میدان میں ترقی ملت کی خوشحالی کا ضامن:روشن بیگ،بی ای ٹی میں عرفان رزاق کے ہاتھوں نئی ہائی اسکول کی عمارت کا سنگ بنیاد

Source: S.O. News Service | By Jafar Sadique Nooruddin | Published on 16th April 2017, 1:19 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو:15/اپریل(ایس او نیوز)بسم اللہ ایجوکیشن ٹرسٹ (بی ای ٹی) کی طرف سے ملت کی بیٹیوں کوایل کے جی سے لے کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کاپورا موقع مہیا کرانے کیلئے شب وروز محنت کی جارہی ہے۔آنے والے دنوں میں اس ادارہ میں پوسٹ گریجویشن تعلیم کاسلسلہ بھی شروع کرنے کی تیاری جاری ہے۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج اور بی ای ٹی کے چیرمین جناب آر روشن بیگ نے کہی۔ آج بی ای ٹی کے زیر اہتمام بی ای ٹی صوفیہ ہائی اسکول کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہا کہ آج ملت کیلئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ اپنی بیٹیوں کو اچھی تعلیم سے آراستہ کریں اور معاشی میدان میں انہیں خود کفیل بنائیں تاکہ وہ اپنی زندگی اپنے بل بوتے پر گزار سکیں۔اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بی ای ٹی نے ہمہ وقت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ معاشرہ میں لڑکیوں کا تعلیم یافتہ ہونا اشد ضروری ہے تاکہ وہ کسی کی محتاج بنے بغیر ایک ذمہ داری شہری بنیں اور ملک وملت کیلئے ایک اثاثہ ثابت ہوسکیں۔ تعلیم کے بغیر معاشرہ میں سدھار کے تصور کو فضول قرار دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہا کہ تعلیم ہی وہ زیور ہے جس کے ذریعہ اخلاق وکردار کو سنوارا جاسکتا ہے۔ لڑکیوں کی تعلیم ہی معاشرہ میں حقیقی تبدیلی کا سبب بن پائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شروع سے ہی وہ بی ای ٹی کیلئے ہر ممکن جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔ حالانکہ وہ اپنی مصروفیت کے اعتبار سے سیاست دان ہیں،اور اپنا اخبار بھی”سیاست“ کے نام سے چلاتے ہیں۔ لیکن ملی مسائل اور تعلیمی امور میں کبھی بھی انہوں نے سیاست کا سہارا نہیں لیا ہے۔ اپنے ادارہ بی ای ٹی کے ذریعہ ہمیشہ انہوں نے ملت کے نونہالوں کی تعلیمی خدمت انجام دینے کی کوشش کی ہے، اگر تعلیم کے ذریعہ تجارت ہی ان کا مقصد ہوتا تو وہ بھی دوسرے سیاست دانوں کی طرح پروفیشنل کالج قائم کرنے پر متوجہ ہوتے۔ لیکن اب تک انہوں نے پروفیشنل کالج قائم کرنے کے بارے میں نہ سوچا ہے اور نہ اس کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے پرسٹیج گروپ کے چیرمین الحاج عرفان رزاق نے کہاکہ دنیا کی تمام رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر اللہ کی ذات پر توکل کے ساتھ اگر انسان اونچے عزائم اور جدوجہد سے آگے بڑھے تو زندگی کے ہر میدان میں کامیابی اس کے قدم چومے گی۔انہوں نے کہا کہ صبر وتحمل کاجذبہ آگر آجائے تو بڑے سے بڑا کام آسانی کے ساتھ ہوجائے گا اور اس میں اللہ کی نصرت بھی شامل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج مذہب اسلام کے خلاف دنیا بھر میں سازشیں رچائی جارہی ہیں، اور ہمارے مذہب کو دہشت گردی سے جوڑنے کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کئے جارہے ہیں، ان حالات میں مسلمانوں نے اگر تعلیم واخلاق کو اپنالیا تو ان تمام منصوبوں کو کو از خود ناکام کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی میدان میں پسماندگی کا نتیجہ ہے کہ آج قوم مسلم رسوائی کا شکار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مسلمانوں کو چاہئے کہ تعلیمی میدان میں دیگر اقوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ قدم بڑھانے کی کوشش میں لگ جائیں، بعض تعلیمی اداروں کی بہترین خدمات کے نتیجہ میں اس مقصد کو حاصل کرنے میں کچھ حد تک کامیابی ضرور ملی ہے۔طلبا سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ وہ بہتر تعلیم کے ساتھ اپنے اخلاق وکردار کے ذریعہ برادران وطن میں مذہب اسلام کے متعلق جو غلط فہمیاں ہیں ان کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ طلبا میں اگر تعلیم کے ساتھ اخلاقیات اورجذبہئ خدمت خلق بیدار ہوجائے تو زندگی کے ہر میدان میں وہ کامیابی کی منزلیں طے کرسکتے ہیں۔ طالبات بھی قوم کا اثاثہ ہیں، اس لئے انہوں نے والدین کو آواز دی کہ ان کی صحیح تربیت اور زیور تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں ملک کیلئے اچھی شہری بنائیں، لڑکیوں کو تعلیمی میدان میں پیش پیش رکھنے بی ای ٹی کی طرف سے کی جارہی خدمات کو لائق تقلید قرار دیتے ہوئے عرفان رزاق نے کہاکہ مذہب اسلام نے خواتین کو بہت بلند مرتبہ عطا کیا ہے۔انہوں نے بی ای ٹی کے چیرمین وریاستی وزیر جناب روشن بیگ کی دور اندیشی کو سراہتے ہوئے کہاکہ بی ای ٹی ملت اسلامیہ کی دختران کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے شب وروز کوشاں ہے، آنے والے دنوں میں اس اس کوشش کو وسیع تر کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر عرفان رزاق نے آج جس عمارت کیلئے سنگ بنیاد رکھا یقین دلایا کہ اس کے تعمیری کام کو بھی جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بی ای ٹی نے تعلیم نسوان پر جوزور دیا ہے وہ معاشرہ اور ملک کیلئے خوش آئند ہے۔ اگر لڑکیاں تعلیم یافتہ ہوجائیں تومعاشرہ میں کافی حد تک سدھار آئے گا اور برائیاں از خود ختم ہوجائیں گی۔ اس موقع پر برہت بنگلور مہانگر پالیکے میں حکمران پارٹی کے لیڈر محمد رضوان نواب نے کہاکہ ریاستی وزیر جناب روشن بیگ اور وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کی کوششوں اور وزیراعلیٰ سدرامیا کی فراخدلی کے نتیجہ میں شہر بنگلور کی ترقی کیلئے 7300کروڑ روپے کی رقم بی بی ایم پی کو ملی ہے۔آنے والے دنوں میں اس رقم سے شہر بنگلور کی ترقی کیلئے مختلف کاموں کوانجام تک پہنچایا جائے گااور شہر کو خوبصورت بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ جناب روشن بیگ کی ملی، سماجی، سیاسی، تعلیمی اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے رضوان نواب نے کہاکہ انہوں نے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا جوموقع فراہم کیا ہے وہ قابل تقلید ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بی ای ٹی کیلئے اپنی طرف سے بھرپو رتعاون کا وعدہ دہرایا۔اجلاس کا آغاز طالبہ لبنیٰ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، رابعہ بصری نے نعت پیش کی۔ڈاکٹر شاہین قاضی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہئ اردو نے خیر مقدمی خطاب کیا۔ڈگری کالج کی پرنسپل شمع فاطمہ نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ تقریب کے دوران عرفان رزاق نے کالج میگزین کا اجراء کیا۔ بی ای ٹی کی جانب سے مہمانوں کوتہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر تعلیمی کمیٹی کے کنوینر محمد سیف اللہ نے کہاکہ ہائی اسکول کی جو نئی عمارت تعمیر ہورہی ہے اسے عرفان رزاق کے فرزند متین عرفان رزاق سے منسوب کیاجائے گا۔ اس موقع پر بی ای ٹی کے وائس چیرمین شیخ عمر، اردو اکاڈمی چیرمین عزیز اللہ بیگ، بی ای ٹی کے ٹرسٹیاں اور دیگر اہم شخصیات موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بیدر میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم مودی پر کی سخت تنقید 

بیدر کے انتخابی دورہ پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر  یہ کہہ کر سخت تنقید کی کہ  اُنہیں انتخابات کے موقع پر ہی  کرناٹک کی یاد آتی ہے۔ شہر کے گنیش میدان میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں شدید خشک سالی ...

مودی-شاہ دکاندار ہیں اور اڈانی-امبانی خریدار، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کا مودی حکومت پر سخت حملہ

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کرناٹک کے کلبرگی میں پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر آج سخت ترین حملہ کیا۔ انہوں نے ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں قبل قائم کی گئی حکومت کی ملکیت والی فیکٹریوں کو مودی-شاہ امبانی-اڈانی کے ہاتھوں فروخت کر رہے ہیں۔

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی تشہیری مہم کا تھم گیا شور؛ کرناٹک کے 14 حلقوں سمیت 12ریاستوں میں کل جمعہ کو ہوں گے انتخابات

لوک سبھا انتخابات کے لئے دوسرے مرحلے کی تشہیری مہم بدھ کی شام  5؍ بجےختم ہوگئی۔اس مرحلے میں یوپی ،بہار،ایم پی اورراجستھان سمیت کرناٹک میں ہونے والے دو مراحل  میں سے پہلے مرحلہ کے انتخابات کے ساتھ ساتھ 13؍ریاستوں کی 88؍ سیٹوں پر بھی  کل جمعہ 26 اپریل کوانتخابات ہوں گے۔  تمام ...

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

کرناٹک کی کانگریس حکومت کا اہم قدم؛ ملازمتوں اورتعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے لیےمسلمانوں کو کیا او بی سی میں شا مل

کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ریاست کے مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن دینے کے  مقصد سے  او بی سی  (یعنی دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ اس تعلق سے  معلومات فراہم کرتے ہوئے  نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (NCBC) نے بدھ کو کرناٹک حکومت کے اعداد و ...

بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے: وائی ایس شرمیلا ریڈی

کانگریس کی آندھرا پردیش یونٹ کی صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے منگل کو بی جے پی پر مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کو ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ بتاتے ہوئے انہوں نے ایسی پارٹی سے تعلق برقرار رکھنے پر وزیر اعلیٰ وائی ایس سے کہا کہ ۔ جگن موہن ریڈی اور ٹی ڈی پی ...