اڈپی 9ستمبر ( ایس او نیوز)غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزاررہے لوگوں کوطبی سہولیات فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد سے ریاست میں آروگیہ شری اسکیم شروع کی گئی ہے۔ اس اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے ہیلتھ کارڈ لازمی نہیں ہے۔ بی پی ایل راشن کارڈ بھی دکھایا جاسکتاہے۔یہ بات وزیراعلیٰ کمارسوامی نے بتائی۔
ضلع پنچایت میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس میں شرکت کے بعد مقامی اخباری نمائندوں کوانہوں نے بتایاکہ آروگیہ شری اسکیم تمام غریبوں کے لئے ہے۔ انہیں اس بات کی شکایت ملی ہے کہ مریضوں کے پاس ہیلتھ کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے چنداسپتالوں میں علاج کرنے سے انکارکیاجارہاہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ ہیلتھ کارڈلازمی نہیں ہے۔ بی پی ایل راشن کارڈ ہی کافی ہے ۔ اس بات کی تشہیر کے لئے تمام ضلع افسروں کو ہدایت دی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ پکوان گیس جاری کرنے کے لئے راشن کارڈ طلب کیاجاتاہے اور راشن کارڈ میں گیس کی سہولت کااندراج کیاجاتاہے۔ ایسے راشن کارڈ والوں کوکیروسین تیل فراہم نہیں کیاجاتا۔ انہیں اطلاع ملی ہے چندلوگوں کوپکوان گیس کی سہولت نہ ہونے کے باوجود ان کے راشن کارڈ میں اس بات کا اندراج کیاگیا۔ جس کی وجہ سے انہیں کیروسین تیل نہیں دیاجارہاہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے بتایاکہ تمام لوگوں کوگیس کی سہولت حاصل ہونے تک کیروسین تیل فراہم کیاجائے گا۔