پاکستان کو دہشت گرد ملک قراردینے والے بل کی حمایت نہیں کرے گی مودی حکومت
نئی دہلی، 22؍فروری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان کو ’دہشت گرد ملک ‘قراردینے کا مطالبہ کرنے والے ایک غیر سرکاری بل کی حکومت پارلیمنٹ میں مخالفت کرے گی۔راجیہ سبھا کے آزاد رکن راجیو چندر شیکھر نے دہشت گردی کی حمایت کرنے والے پاکستان جیسے ملک کے لیے دہشت گردی کے اسپانسر ممالک اعلان بل 2016پیش کیا ہے،اس میں ان ممالک کے ساتھ تمام طرح کے اقتصادی اورکاروباری تعلقات ختم کرنے کی بات ہے۔وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے کہاکہ ہندوستان کسی ملک کو ’دہشت گردملک ‘قرار نہیں دے سکتا، کیونکہ اس کو سبھی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے ہوتے ہیں، اس کے علاوہ، نظریاتی طورپریہ بھی انتہائی نایاب ہے کہ حکومت کسی نجی بل کی حمایت کرے۔وزارت داخلہ نے اس بل کو لے کر اپنے احتجاج کے بارے میں راجیہ سبھاسکریٹریٹ کو مطلع کر دیا ہے۔وزارت نے کہا کہ ایسا قدم بین الاقوامی تعلقات میں رکاوٹ ڈالنے والاہے ۔