منگلورو ایئر پورٹ پر 45لاکھ روپے مالیت کا 1.5کیلو سونا ضبط۔ چار مسافر گرفتار
منگلورو 4؍اگست (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرکسٹم افسران نے دبئی سے آنے والے چار مسافروں کے پاس سے ایمرجنسی لالٹین (چارجنگ لائٹ) میں چھپایا سونا ضبط کیا ہے جس کا مجموعی وزن 1.5کیلو گرام اور قیمت 45لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سونا اسمگلنگ کی کوشش کرنے والے چاروں مسافر کیرالہ کاسرگوڈ کے رہنے والے ہیں اور وہ ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے سے صبح کے وقت منگلورو ایئر پورٹ پہنچے تھے۔کسٹم افسران کو یہ دیکھ کر ذرا سا شک ہوا کہ چاروں مسافروں کے سامان میں ایک ہی قسم کے لالٹین موجود ہیں۔ اس بنیا دپر ان کے سامان کی تفصیلی جانچ کرنے پر لالٹین کے اندر چھپائے گئے سونے کا پتہ چلا۔ اس کے بعد مسافروں کو گرفتار کرتے ہوئے سونا ضبط کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ منگلورو ایئر پورٹ پر کسٹم افسران نے امسال یکم جنوری سے 31جولائی تک 22.97کیلو گرام سونا ضبط کیا ہے جس کی مالیت 7.06کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔