گوا میں اتحادی جز گووا فارورڈ پارٹی کی دھمکی
بنگلورو، 24مئی (پی ٹی آئی) بی جے پی کی قیادت والی گووا حکومت کا ایک جز گووا فارورڈ پارٹی نے آج کہا ہے کہ اگر ریاست میں جاری موجودہ کان کنی کے بحران کا حل نہیں ہوا تو وہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں زعفرانی پارٹی کی حمایت نہیں کرے گی۔ جی ایف پی نے کہا کہ اگر کان کنی کی کارروائیاں فوری طور پر بحال نہیں ہوئیں تو بی جے پی ’’تکلیف‘‘ میں آجائے گی ۔ ریاست میں 16مارچ سے کان کنی کی کارروائیاں رک گئی ہیں جب سپریم کورٹ نے 88کمپنیوں کو دےئے گئے خام لوہے کی کان کنی کے لائسنسوں کی دوسری تجدید کالعدم قرار دی ۔ جی ایف پی کے صدر وجال سردیسائی نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں منوہرپاریکر کی حکومت کو استحکام بخشنے کا اپنی پارٹی کو اعزاز دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جو مرکز میں بھی برسر اقتدار ہے وہ کان کنی کے بحران کا فوراً حل نکالے جس سے صنعت پر منحصر لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔سردیسائی نے کہا کہ ’’اگر وہ کان کنی کا بحران ٹالنے میں ناکام رہے تو ہم لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی حمایت نہیں کریں گے۔ہمیں گووا اور اسکے لوگوں کے مستقبل کے تعلق سے سو چنا ہوگا ۔ہم پوری طرح ان لوگوں سے ہمدردی رکھتے ہیں جو کان کنی کی صنعت بند ہونے سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کان کنی کی کارروائیاں ریاست میں فوری طور پر بحال نہیں ہوئیں تو آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی تکلیف میں آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کے لیڈروں سے میرامطالبہ ہے کہ جلد سے جلد معاملہ کا حل نکالاجائے۔اگر کان کنی کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو ہمیں اپنے موقف کے تعلق سے دوبارہ غور کرنا پڑے گا ۔ سردیسائی نے کہاوہ توقع کررہے تھے کہ کرناٹک کے انتخابات کے بعد کان کنی کے بحران کے لئے کچھ اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا وہ ریاستی بی جے کے چیف ونے ٹنڈولکر کے آگے اپنے نظریات پیش کئے ہیں۔