گوا چرچ کے ایک میگزین نے کہا:ملک میں نازی حکومت ہے اور دستور کاقتل ہورہا ہے
پناجی18؍اگست ( ایس او نیوز)گوا کے دمن آرچ ڈیاسیس کی طرف سے شائع ہونے والے ایک میگزین میں شامل مضمون کے مطابق این ڈی اے کے تحت چلنے والی مرکزی حکومت نازی طرز کی ہے اور یہاں ملک کے آئین کا قتل ہورہا ہے۔
رینووکونامی رسالے میں شہر کے وکیل ڈاکٹر ایف ای نرہونانے یہ مضمون لکھا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک فاشزم کی طرف بڑھتا جارہا ہے اور اسے روکنا بے حد ضروری ہے۔ گوا کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف تماشائی بن کر نہ بیٹھیں بلکہ نازی ازم اور فاشزم کو روکنے اور فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے اپنے ووٹوں کا استعمال کریں۔ گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پالیکر پر بھی اس مضمون میں شدید تنقید کی گئی ہے۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی (کرپشن) ایک بری چیز ہے ، لیکن فرقہ پرستی اس سے زیادہ بری ہے اور ان سب سے زیادہ خطرناک نازی ازم ہے۔