گیتا متل جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بنیں
سری نگر:11/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جسٹس گیتا متل نے آج جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے طورپرحلف اٹھا لیاہے۔انہیں گورنراین این ووہرا نے حلف دلایاہے۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ گورنر نے راج بھون میں ایک تقریب میں جسٹس گیتا متل کو جموں و کشمیر کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس متل جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔انہوں نے کہا کہ جسٹس متل کو ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کاحکم نامہ ہائی کورٹ کے افسر نے پڑھا۔ترجمان نے کہا کہ حلف دلانے کے بعد گورنر نے جسٹس متل کو مبارک باد دی اور کہا کہ وہ ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر کامیاب مدت مکمل کریں۔اس موقعہ پر سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ، گورنر کے مشیر اور سپریم کورٹ اور جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ جج اس موقع پر موجودتھے۔