چوڑیدار کا کپڑا موٹر بائک کے پہئے میں پھنس گیا؛ اندوہناک حادثے میں لڑکی کی موت
مینگلور25/مارچ (ایس او نیوز) اگر آپ کو بائک پر سوار ہوکر کہیں جانا ہو تو اپنے کپڑوں کا بہت زیادہ خیال رکھیں، خاص کر برقعہ کی طرف دھیان دیں کہ کہیں برقعہ یا اوڑھنی پہئے کے اندر نہ چلی جائے۔ اپنے بچوں کو بھی بائک پر بٹھا کر کہیں لے جانا ہوتو اس بات کا خیال رکھیں کہ بچوں کے کپڑے پہئے کے اندر نہ چلے جائیں۔ کیونکہ تھوڑی سی غفلت آپ کی یا اپ کے بچوں کی جان لے سکتی ہیں۔
یہ بات اس لئے کہنی پڑرہی ہے کہ ایک ایسے ہی حادثے میں آج اتوار کو پڑوسی ریاست کیرالہ کے کاسرگوڈ میں ایک بارہ سالہ لڑکی کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے۔
حادثہ آج اتوار کو مینگلور سے قریب 60 کلو میٹر دور کیرالہ کے سرحدی علاقہ کاسرگوڈ میں پیش آیا ، جس میں محض کپڑے کا ایک حصہ پہئے کے اندر چلا گیا اور پل بھر میں لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ لڑکی بائک پر اپنے والد ساجی اور ماں بندو کے درمیان بیٹھی تھی کہ تیز رفتار چلتی بائک کے پہیے کے اندر اچانک لڑکی کا چوڑی دار کا کپڑا پھنس گیا اور آناً فاناً میں لڑکی چلتی بائک سےنیچے گرپڑی۔
لڑکی کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، مگر اُس وقت تک لڑکی اپنے خالق حقیقی کے پاس جاچکی تھی۔
لڑکی کی شناخت ماریا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آج اتوار کو یہ تینوں بیری کلم چرچ میں عبادت کرنے کی غرض سے جارہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
ماریا پرپّا سرکاری ہائیر پرائمری اسکول میں ساتویں درجہ کی طالبہ تھی۔
نیلیشور پولس تھانہ میں حادثے کی شکایت درج کی گئی ہے۔