غازی آباد: ٹرین میں لوٹ کھسوٹ کرنے والے 4افراد کی گرفتاری
غازی آباد، 12 ؍نومبر(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )غازی آباد ریلوے پولیس جی آر پی نے ٹرین میں مسافروں کے ساتھ لوٹ مار کرنے والے گروہ کے چار ارکان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ حال ہی میں ایک بڑی چوری کی واردات کو انجام دینے کا بھی ان پر الزام ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بدمعاش ٹرینوں میں سفر کرتے تھے اور لوگوں کے سو جانے کے بعد ان کا سامان چرایا کرتے تھے ۔ اتنا ہی نہیں ضرورت پڑنے پر لوٹ مار کے لیے یہ مسافروں کو بیہوش بھی کرتے تھے ۔ علاوہ ازیں اس سنسی خیز واقعہ کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ جی آر پی نے ان کے پاس سے 15 لاکھ روپے کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے تفتیش میں ٹرینوں میں 100 سے زیادہ وارداتوں کی انجام دہی کا بھی اقرار کیا ہے ۔ پولیس کو ان کی تلاش کافی دنوں سے تھی ۔ پولیس کی مطابق یہ لوگ ٹرینوں میں لوگوں سے دوستی کرتے ہوئے بھی لوٹ مار اور چوری کرتے تھے۔ ان کی نظر مہنگے موبائل اور زیورات پر ہوا کرتی تھی۔ مرادآباد پولس سپرنٹنڈنٹ نے ان ملزمان کو پکڑنے والے ٹیم کو پچاس ہزار روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔