کاسرگوڈمیں المناک حادثہ۔ لاری آٹو رکشہ پر گرنے سے ماں اور بیٹی ہلاک۔4زخمی ،3کی حالت نازک
مینگلور21؍جنوری (ایس او نیوز ) پڑوسی تعلقہ کاسرگوڈ نیشنل ہائی وے پر پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں ماں او ربیٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چار زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ حادثہ سنیچر صبح اُس وقت پیش آیا جب دو لاریوں کی ٹکر کے بعد ایک لاری قریب سے گذرنےوالے آٹو رکشہ پر اُلٹ گئی، جس پر ڈرائیور سمیت پانچ لوگ سوار تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ربڑ(Rubber)کی شیٹس سے بھراہو اایک ٹرک دوسرے ٹرک سے ٹکراگیا اور الٹ کر سڑک کی ایک جانب گرگیا۔ اس گرتے ہوئے ٹرک کی زد میں ایک آٹو رکشہ آگیا جس میں شوبھا(32سال) ، اس کا شوہر اور اس کی بیٹی وسمیا (13) سفر کررہے تھے۔ وزنی ٹرک کے نیچے آجانے سے رکشہ پوری طرح برباد ہوگیا، جبکہ رکشہ پر سوار شوبھااوراس کی بیٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حادثے میں شوبھا کے شوہر سمیت رکشہ ڈرائیورعبدالقادر (48سال) بھی زخمی ہوا ہے، جبکہ ، ٹرک اُلٹنے کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو بھی زخمی حالت میں اسپتال میں منتقل کیاگیا ہے، جہاں ٹرک ڈرائیور کو چھوڑکر باقی تینوں کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے۔