شامی اسکول پر بمباری، فضائی تصاویر جرمنی نے فراہم کی تھیں
برلن،30مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جرمن ٹورناڈو نگران طیاروں نے 19 مارچ کو وہ تصاویر فراہم کی تھیں جو اْس سے اگلے دن شام کے شمالی حصے میں ایک اسکول پر بمباری کا وجہ بنیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس بات کی تصدیق جرمن دفاعی ذرائع نے کی ہے۔ مانیٹرنگ گروپ کے مطابق الرقہ کے قریب اس اسکول پر بمباری کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ بمباری امریکی اتحادی طیاروں کی طرف سے کی گئی تھی۔ بمباری کا نشانہ بننے والے اسکول میں مہاجرین پناہ لیے ہوئے تھے۔ ڈی پی اے کے مطابق جرمن وزارت دفاع نے جرمن فوج کی شام میں سرگرمیوں کی تفصیلات یا اس واقعے کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے۔