بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن قائم

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 20th May 2018, 12:25 PM | عالمی خبریں |

جنیوا 19مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق نے فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی حالیہ وحشیانہ کارروائیوں کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن غزہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں 29 ممبر ممالک کی حمایت کے بعد قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'جلد از جلد ایک بین الاقوامی اور آزاد تحقیقی کمیشن بھیجا جائے گا جو کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی مبینہ خلاف ورزیوں اور 'جارحیت' کی تحقیقات کرے گا۔'امریکا اور آسٹریلیا اس قرارداد کی مخالفت کی جبکہ 14 ممالک نے حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق 47 ممالک پر مشتمل ہے۔قرارداد کے مطابق یہ تحقیقاتی کمیشن '30 مارچ 2018 کے بعد سے غزہ میں بڑی تعداد میں احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف فوجی کارروائی کے سلسلے میں تمام مبینہ خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گا۔ یہ کمیشن اپنی حتمی رپورٹ اگلے سال مارچ تک پیش کرے گا۔قرارداد کے منظور ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ٹوئٹر سے پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں قرارداد کی منظوری اور اس کی حمایت اور مخالفت میں ملنے والے ووٹوں کے بارے میں معلومات تھیں۔اس سے قبل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ نے اسرائیل کے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کو مکمل طور پر ’نامتاسب‘ قرار دیا ہے۔زید رعاد الحسین نے جنیوا میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتایا کہ غزہ کے رہنے والے ’موثر انداز سے زہر آلود پنجرے‘ میں بند ہیں اور اسرائیل کو غزہ کا قبضہ ختم کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ زید رعاد الحسین غزہ کی صورتحال پر منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں بتایا کہ دونوں جانب سے ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد میں واضح فرق اندازہ ہوتا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ردعمل مکمل طور پر غیر مناسب تھا۔انھوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق پیر کو پتھر لگنے سے ایک اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہو گیا جبکہ مظاہرے کے مقام پر 43 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اس کے بعد مزید 17 فلسطینی مظاہروں کی جگہ پر مارے گئے۔زید عاد الحسین نے کہا کہ اس بات کے بہت کم شواہد ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے جانی نقصان کو کم سے کم رکھنے کے حوالے سے کوئی بھی کوشش کی گئی ہو۔انھوں نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بنائے گئے بین الاقوامی قانون کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں دانستہ قتل کے زمرے میں آ سکتا ہے اور یہ فورتھ جنیوا کنونیشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔زید رعاد الحسین نے غزہ میں ہونے والے تشدد کی بین الاقوامی سطح پر آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی حمایت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کے ذمہ داروں کو لازمی انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔اسرائیلی سفیر ایووا ریز نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنے شہریوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔انھوں نے کہا کہ غزہ کے عسکریت پسند حکمرانوں نے جان بوجھ کر لوگوں کو ہلاکت میں ڈالا۔پیر کو اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے احتجاج کرنے والے 60 کے قریب فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔ گذشتہ سات ہفتے سے اسرائیل غزہ سرحد پر نئی باڑ کے خلاف جاری مظاہروں میں پیر کو سب سے زیادہ پرتشدد دن تھا۔پر تشدد واقعات پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے گئے 'قتل عام' کی شدید مذمت کی جبکہ اقوام متحدہ نے اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے 'انسانی حقوق کی انتہائی شرمناک پامالی‘ قرار دیا تھا۔پیر کے روز ہی بیت المقدس میں موجود امریکی قونصل خانے میں ایک چھوٹے اور عبوری سفارتخانے کا افتتاح ہوا تھا۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ القدس میں امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے سے مشرقِ وسطیٰ مزید عدم استحکام کا شکار ہو گا۔واضح رہے کہ اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا ازلی اور غیر منقسم دارالحکومت کہتا ہے جبکہ فلسطینی مشرقی یروشلم پر اپنا دعویٰ رکھتے ہیں جس پر اسرائیل نے سنہ 1967 کی مشرق وسطی کی جنگ میں قبضہ کر لیا تھا۔ فلسطینی اسے اپنی مستقبل ریاست کا دارالحکومت کہتے ہیں۔
 

ایک نظر اس پر بھی

ماسکو کنسرٹ ہال حملے میں 143ہلاکتیں

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال پر جمعہ کو ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 143 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ماسکو اوبلاست میں کروکس سٹی ہال، دہشت گردانہ حملے کی جگہ ...

80 ہزار افراد نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

قابض اسرائیلی فوجوں  کی سختی کے باوجود رواں  سال رمضان کے پہلے جمعہ کو ۸۰؍ ہزار مسلمانوں   نے بیت المقدس میں  پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ قدس نیوز نیٹورک نے جو ویڈیوشیئرکئے ہیں  میں  دیکھا جاسکتاہے کہ جوق در جوق مغربی کنارہ، راملہ اور دیگر علاقوں  سے فلسطینی شہری پیدل اور بسوں ...

شہریت ترمیمی قانون پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش ظاہر کردی

امریکہ اور نے ہندوستان کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر عدم تحفظات کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کے نفاذ پر تشویش ہے۔ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے سبب جان گنوانے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہوئی

غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے۔ غزہ میں قائم وزارت صحت نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 فلسطینیوں کو قتل اور 135 دیگر کو زخمی کیا، جس سے گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس ...

غزہ میں امداد کیلئے قطار میں منتظر افراد کو پھر نشانہ بنایا گیا، 11 شہید

  انسانیت کی تمام حدوں  کو پار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجوں  نے بدھ کو پھر بھکمری کے شکار ان پریشان حال لوگوں  کو نشانہ بنایا جو اپنے بچوں  کی پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے امداد حاصل کرنے کے مقصد سے قطار میں  لگے ہوئے تھے۔ بدھ کے اس حملے میں  ۱۱؍ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ...

انڈونیشیا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے سے تباہی، 19 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں مسلسل بارش نے سیلاب اور چٹان کھسکنے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ اس دوران 5سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے12 لاشیں نکالی گئیں اور 7افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ5 افراد اب تک ...