گوری لنکیش قتل کی جانچ؛خصوصی تحقیقاتی ٹیم برقرار: پولیس کمشنر
بنگلورو،23؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)شہر کے پولیس کمشنر سنیل کمار نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے کہ گوری لنکیش کے قتل کی جانچ کیلئے قائم خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات کاسلسلہ ختم کردیاہے۔ اس سلسلے میں شائع خبروں کو بعید از حقیقت قرار دیتے ہوئے پولیس کمشنر نے بتایا کہ صحافی گوری لنکیش کے قتل کی جانچ میں مصروف خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے کارروائی روکی نہیں گئی اور نہ ہی اس ٹیم میں شامل عہدیدار اپنے اپنے عہدوں پر لوٹ آئے ہیں۔ مسٹر سنیل کمار نے بتایاکہ اس ٹیم میں شامل عہدیدار اور جوان اپنے تھانوں میں کام پر نہیں لوٹے، بلکہ سب کے سب اسی کیس کی جانچ میں لگے ہوئے ہیں۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں بیشتر افسروں کا تعلق بنگلور سے ہے۔ تحقیقاتی ٹیم میں افسران کی طرف سے لاپرواہی کے الزامات کو بھی انہوں نے مسترد کردیا او رکہاکہ یہ خبر بھی بے بنیادہے کہ حکومت خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو تحلیل کردینا چاہتی ہے۔