اُترا کھنڈا میں گائے کو لے کر کشیدگی، نوجوان گرفتار،گئو دہشت گردوں کامظاہرہ
دہرادون3اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتراکھنڈ کے پوڈی ضلع کے ستپلی میں ایک گائے کے معاملہ میں23سالہ نوجوان کو پکڑے جانے کے بعد کشیدگی پھیل گئی اورگئو دہشت گردوں نے واقعہ کے خلاف مارکیٹ بند کروانے کے بعد مقامی پولیس تھانے پر مظاہرہ کیا۔پوڈی کے سینئرپولیس سپرنٹنڈنٹ دنیا رام جوشی نے بتایا کہ کل نوجوان کو گرفتار کئے جانے کی خبر کے پھیلتے ہی شدت پسند تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد اور بجرنگ دل کے کارکن سڑکوں پر اتر آئے اور ستپلی مارکیٹ بند کرا دیا۔انہوں نے بتایا کہ کارکنوں نے ملزم کی فرنیچر کی دکان میں بھی توڑپھوڑکر دی۔بعد میں انہوں نے ستپلی پولیس اسٹیشن کا بھی گھیراؤکیا۔جوشی نے بتایا کہ شہر میں امن و امان قائم کرنے کے لیے اضافی پولیس فورسزکو تعینات کرناپڑا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں کشیدگی بنی ہوئی ہے لیکن صورت حال کنٹرول میں ہے۔انہوں نے بتایاکہ ملزم نوجوان بنیادی طور پر اتر پردیش کے بجنور کا رہنے والا ہے اور گزشتہ 12سال سے ستپلی میں ہی رہتاہے۔