منگلورو میں معمولی مسئلے پر گینگ وار۔۔۔پانچ زخمی
منگلورو 24/اگست (ایس او نیوز)کار کی مرمت کے مسئلے کو لے کر گیریج کے مالک اور کار مالک کے درمیان شروع ہونے والی تو تو میں میں تھوڑی دیر میں گینگ وار میں تبدیل ہوگئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کرن(33 سال) اورچرن راج (34سال) نے15/اگست کو نواز گیریج میں اپنی کار مرمت کے لئے دی تھی۔ دو دن قبل رات کے وقت جب اس کے بارے میں دریافت کرنے کے لئے یہ دونوں گیریج پہنچے تومبینہ طور پرگیریج کے مالک نواز اور اس کے بھائی مصطفی نے ان کے ساتھ نہ صرف برا برتاو کیا بلکہ ان کی پٹائی بھی کردی۔
اس کے بعد جب معاملہ آپس میں رفع دفع کرنے کی بات چیت چل رہی تھی تو ایک دوسری گاڑی میں ایک او ر گینگ وہاں پہنچی ہلاکت خیز ہتھیاروں سے حملہ کرکے فرار ہوگئی۔اس حملے میں کرن اورچرن راج کے علاوہ منوج(21 سال)،پروین (36 سال)،نوین (36 سال)زخمی ہوگئے ہیں۔
جبکہ دوسری طرف نواز کے والد نے سورتکل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی ہے کہ شرپسندوں نے ان کے بیٹے کے گیریج میں گھس کر توڑ پھوڑ کی ہے۔ وہاں پر موجود گاڑیوں اور مشینری کو نقصان پہنچایا ہے۔