گنگولی میں بجرنگ دل کارکنوں کا کورگا طبقہ کے گھروں پر حملہ :گائے کو ذبح کرنے کے نام پربری طرح پیٹائی؛ بجرنگ دل کارکنوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 27th April 2017, 1:45 AM | ساحلی خبریں |

گنگولی:26/اپریل(ایس اؤنیوز) گنگولی کے تراسی دیہات کے ایک پچھڑی ذات کورگا خاندان کے مکان پر مبینہ طور پر بجرنگ دل کارکنوں کے ذریعے دھاوا بولنے اور کورگا طبقہ کے چار  نوجوانوں سمیت ایک گرام پنچایت ممبر کی بھی جم کر پیٹائی کرنے کی واردات پیش آئی ، جس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج دلت سنگھرش سمیتی کے لیڈران نے مبینہ بجرنگ دل کارکنوں کے خلاف فوری کاروائی کرنے اور اُنہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 24 اپریل کی رات کو  ہندو شدت پسند تنظیم کے کارکنوں نے ایک مکان میں گھس کر کورگا طبقہ کے لوگوں کی پیٹائی کرنے کے ساتھ ساتھ  اُن کی ذات کے نام پر بے عزتی کی، گالیاں دیں اور پھرجان سے مارنے کی  دھمکی دی، پھر خود گنگولی پولس تھانہ فون کرکے ان نوجوانوں کو پولس کے حوالے کردیااور الزام لگایا کہ یہ لوگ گائے کو ذبح کررہے تھے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گنگولی کے قریب تراسی دیہات کے کورگا کالونی میں کورگاطبقہ کے ایک مکان پر منگنی کے پروگرام کے لئے کھانے میں گوشت کا انتظام کیاجارہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ہوساڑو گرام پنچایت کی ممبر شکنتلا کے بہن کی بیٹی کی 25 اپریل کو منگنی طئے تھی، جس کی مناسبت سے 24 اپریل کو گھر میں رشتہ داروں اور مہمانوں کے لئے کھانے کا انتظام کیا جارہا تھا کہ 24 اپریل کی رات کو اچانک بجرنگ دل کارکنان جس  میں گروراج آچاریہ، سنیل پجاری، چندرکانت پجاری سمیت قریب دس لوگ تھے، زبردستی ان کے گھر کے اندر گھس گئے اور تین  لوگوں کی بری طرح پیٹائی کرنے کے بعد شکنتلا کو گالی گلوج دیتے ہوئے اُس کی ذات کے نام پر بے عزتی کی اور دھمکی دی کہ  اس کی کالونی کے تمام آٹھ کورگا طبقہ کے مکانوں میں پٹرول ڈال کر  سب لوگوں کو جلا کر بھسم کردیں گے۔ 

بتایا گیا ہے کہ گھر کے اندر زبردستی گھسنے کے ساتھ ساتھ ان غنڈوں نے ہریش (26)، شری کانت (19) اور مہیش (20) کی زبردست پیٹائی کی اور تمام کو اُن کی ذات کی بنیاد پر گالیاں دیتےہوئے بے عزتی کی ۔ شکنتلا نے بتایا کہ ان لوگوں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ بعد میں خود پولس کو فون کرکے  ہمارے خلاف ہی معاملہ درج کروایا اور حملہ کا شکار تینوں نوجوانوں کو پولس کے حوالے کردیا اور پولس نے بھی مارکھانے والے تینوں لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا۔ شکنتلا کے مطابق گرفتار شدہ تینوں نوجوان آج ضمانت پر رہا ہوگئے، لیکن ان میں شدید طور پر زخمی ہریش کو کنداپور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

اس تعلق سے خبر ملتے ہی کرناٹکا دلت سنگھرش سمیتی کے لیڈران کے ساتھ آج بدھ کو گنگولی پولس تھانہ پہنچ کر شکنتلا نے مبینہ بجرنگ دل کے دس کارکنوں کے خلاف  شکایت درج کرائی ہے ۔ اس موقع پر کرناٹکا دلت سنگھرش سمیتی کے لیڈران اُدئیے کمار تلور، وجیے کے ایس ، چندرما تلو وغیرہ نے محکمہ پولس کے افسران سے مطالبہ کیا ہےکہ حملہ آور بجرنگ دل کے کارکنوں کو فوراً  گرفتار کیا جائے اور ہمیں انصاف دلایا جائے۔ لیڈران نے پولس کو متنبہ کیا ہے کہ، اگر ہمیں انصاف نہیں ملاتو معاملے کو لے کر ریاست بھر میں احتجاج کریں گے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔