گنپتی کی خود کشی کے معاملے میں جارج کے استعفیٰ کی مانگ،بی جے پی نے اسمبلی میں کارروائی چلنے نہیں دی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 15th November 2017, 12:02 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،14؍نومبر(ایس اونیوز؍عبدالحلیم منصور) ڈی وائی ایس پی این کے گن پتی کی خود کشی کے معاملہ میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق سی بی آئی کی طرف سے جانچ شروع کئے جانے اور ایف آئی آر درج کرتے ہوئے وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کو کلیدی ملزم قرار دئے جانے کا معاملہ آج ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کے زبردست ہنگامہ کا سبب بنا۔ ایوان میں تحریک التواء کے تحت اس معاملہ پر بحث اور وزارت سے جارج کے فوری استعفیٖ کامطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی اراکین نے کوئی کارروائی چلنے نہیں دی اور اسپیکر کے روبرو آکر دھرنا دینے لگے۔ آج کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے ایوان میں تحریک التواء پیش کرنی چاہئے اور اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ جارج کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے معاملہ میں بحث کی اجازت دی جائے۔ اپنے مطالبہ کی تائید میں جارج نے کئی نکات پیش کئے تاہم اسپیکر کے بی کولیواڈ نے واضح کیاکہ یہ معاملہ تحریک التواء کے تحت زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔ اسپیکر نے اس نوٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کردیا کہ یہ معاملہ چونکہ ملک کی ایک آئینی ایجنسی سی بی آئی کی جانچ کے ماتحت ہے، اسی لئے لیجسلیچر میں اس پر بحث کی قانوناً گنجائش نہیں ہے۔ اس مرحلے میں شٹر نے کہاکہ اسپیکر کو یہ اختیار ہے کہ اگر وہ چاہیں تو بحث کی اجازت دے سکتے ہیں۔کولیواڈ نے واضح کیا کہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہی وہ اس تحریک التواء کو مسترد کرتے ہیں۔اسپیکر کے اس فیصلے پر ناراض بی جے پی اراکین ان کے سامنے آکر دھرنا دینے لگے اور فوری طور پر اس معاملے پر بحث کی اجازت مانگنے لگے۔وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا نے اسپیکر سے گذارش کی کہ آج کے ایجنڈا کے مطابق ایوان کی کارروائی چلائی جائے۔ ایجنڈا کو بالائے طاق رکھ کر کارروائی چلانے کی ضرورت نہیں ہے۔تاہم شٹر اپنی ضد پر قائم رہے اور اس سلسلے میں اسپیکر اور دیگر وزراء کی اپیل کو ان سنا کردیا۔ تاہم اسپیکر نے شٹر کی بات مانتے ہوئے کہاکہ اس معاملے پر وہ بحث کی اجازت ایک شرط پر دے سکتے ہیں کہ وقفۂ سوالات چلنے دیا جائے بعد میں وہ اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ جیسے ہی وقفۂ سوالات ختم ہوا شٹر نے دوبارہ یہ معاملہ اٹھایا اور تحریک التواء کے تحت اس معاملے پر بحث کی اجازت طلب کی۔ اس مرحلے میں اسپیکر نے تحریک التواء کی بجائے کسی اور ضابطہ کے تحت بحث کی اجازت دی۔ شٹر نے معاملہ پر بحث شروع کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے چند نکات پڑھنے شروع کئے جس پر وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا نے سخت اعتراض کیا اور کہاکہ اسے پڑھنے کی ضرورت کیا ہے؟ یہ سب جانتے ہیں ، اسی لئے اس پر بحث کی اجازت نہ دی جائے، اس مرحلے میں حکمران اور اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان زور دار نوک جھونک ہوئی اور ایوان میں شور وغل مچ گیا۔ہنگامہ آرائی کے درمیان شٹر نے اسپیکر سے گذارش کی کہ وہ حکومت کے دفاع میں کھڑے نہ ہوں کیونکہ حکومت خود کشی کی حمایت کرنے کے مرتکب جارج کے دفاع میں کھڑی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی بی آئی نے اگر جارج کو کلین چٹ دے دی تو سدرامیا انہیں دوبارہ بی جے پی میں شامل کرلیں انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ سی بی آئی جب تک اس معاملے میں چارج شیٹ دائر نہیں کردیتی جارج کو وزارت پر نہیں رہنا چاہئے۔ اس مرحلے میں اسپیکر کے بی کولیواڈ نے کہاکہ اس تحریک کا تعلق ریاستی حکومت کی کسی ناکامی سے ہی اور ساتھ ہی یہ معاملہ چونکہ عدالت میں زیر سماعت ہے اسی لئے تحریک التواء یا کسی بھی ضابطہ کے تحت اس پر بحث کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔اسپیکر کے اس فیصلے پر برہم بی جے پی اراکین نے احتجاج شروع کردیاا ور ایوان کی کارروائی روک دی۔وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بی جے پی کے اس رویہ پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور کہاکہ اس طرح کی حرکتوں سے بی جے پی ایوان کا وقت ضائع کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہنگاموں کے درمیان اسپیکر نے کارروائی ملتوی کردی۔
 

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔