کرناٹک اسمبلی انتخابات: ناراض دعویداروں کو منالیا جائے گا: ڈاکٹر جی پرمیشور

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 17th April 2018, 1:11 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو، 16؍اپریل(ایس او نیوز)کانگریس امیدواروں کے اعلان کے بعد بعض حلقوں میں ٹکٹ کے دعویداروں کی ناراضی کے متعلق کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا کہ ناراض لیڈروں سے بات چیت کرکے انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ آج اپنی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ہر کانگریسی کا یہی مقصد ہے کہ پارٹی کو ریاست میں دوبارہ اقتدار پر لایا جائے۔اس کے لئے پارٹی نے تمام امکانات کا جائزہ لینے کے بعد ہی ٹکٹ کا اعلان کیا ہے۔ ٹکٹ ہر دعویدار کو دینا کسی پارٹی کے بس کی بات نہیں ، جو لوگ ٹکٹ سے محروم ہوئے ہیں ان کی ناراضی بھی فطری ہے، ان تمام کو طلب کرکے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہر انتخاب میں تمام حلقوں سے متعدد دعویدار ٹکٹ کے لئے کھڑے ہوجاتے ہیں ، ان تمام کو موقع نہیں دیا جاسکتا۔ جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملا ہے ، پارٹی انہیں متبادل مواقع ضرور فراہم کرے گی۔ انہوں نے ان خبروں کومسترد کردیا کہ پارٹی کے ٹکٹوں کے اعلان کے بعد بڑے پیمانے پر بغاوت چھڑ گئی ہے، ٹکٹ سے محروم امیدواروں کی ناراضی کو فطری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آنے والے دو چار دنوں میں یہ ماحول اپنے آپ ٹھیک ہوجائے گا۔ چھ اسمبلی حلقوں کے لئے امیدواروں کا اعلان نہ کئے جانے کے بارے میں ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ تکنیکی وجوہات کے سبب یہ اعلان نہیں کیاجاسکا۔ایک دو دن میں یہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔ شہر کے شانتی نگر اسمبلی حلقے سے این اے حارث کو ٹکٹ دئے جانے کی ڈاکٹر پرمیشور نے تصدیق کی اور کہاکہ ان کا نام بھی قطعی فہرست میں آجائے گا۔ صدر کانگریس راہل گاندھی کے دوبارہ کرناٹک دورے کے متعلق ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ جن آشیرواد یاترا کے پہلے مرحلے کو راہل گاندھی نے بڑی کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے، انتخابی سرگرمیاں تیز ہونے کے بعد 26؍ اپریل سے راہل گاندھی دوبارہ ریاست کا دورہ شروع کریں گے۔ اس روز وہ کورگ اور شمالی کینرا اضلاع کا دورہ کریں گے اس کے بعد 3اور 4مئی کو ریاست آئیں گے اور پھر انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں 8,9 اور 10 مئی کو ریاست میں مقیم رہیں گے، 10مئی کو بلگاوی میں ایک بہت بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرکے ریاست کی انتخابی مہم کوختم کریں گے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔