مینگلور میں پرشانت پجاری قتل کے 4ملزمین نے کی عدالت میں خود سپردگی
منگلورو8؍جون(ایس او نیوز) اکتوبر 2015میں ہونے والے پرشانت پجاری نامی بجرنگی کارکن کے قتل کے سلسلے میں چار مطلوبہ ملزمین نے عدالت میں خود سپردگی کردی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق موڈبدری کی عدالت میں خود سپردگی کرنے والے ملزمین کے نام اکبر ولاچلی(۳۰سال)، سراج الال (۲۸سال)،انور بجپے اورتاج الدین بجپے بتائے جاتے ہیں۔کہاجاتا ہے کہ ملزمین نے اس قتل سے چند دن پہلے منگلورو ۔موڈبدری ہائی وے پر واسواور اشوک نامی افراد پر حملہ کا جرم بھی قبول کرلیا ہے۔ان ملزمین کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
پرشانت پجاری قتل کے بعد ضلع میں فرقہ وارانہ امن و امان کی صورتحال بری طرح خراب ہوگئی تھی۔ اس جرم کے لئے 17افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ جس میں سے پہلے 10ملزمین کو گرفتارکیا جاچکا ہے ۔ مفرور ملزمین سے چار کی خودسپردگی کے بعد مزید تین ملزمین نواز منگلورو،ارشاد بجپے اور مصطفی بجپے ابھی مفرور بتائے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ اس قتل کے الزام میں گرفتار شدگان میں مصطفی کاووربھی تھا جسے ضمانت پر رہا ہونے سے ایک دن قبل میسور جیل میں قید پرشانت کے ایک قریبی دوست کرن شیٹی نے جیل کے اندر ہی قتل کرڈالا تھا۔ بقیہ 9ملزمین میں سے اکثر ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔