بستی ،11اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) یوپی کے بستی میں ہفتہ کی صبح زیر تعمیر فلائی اوور کے گرنے سے افراتفری مچ گئی۔ فلائی اوور کے ملبہ میں دبنے سے چار مزدور بری طرح سے زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دو دیگر لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ فلائی اوور کا 60 فی صد کام مکمل ہو چکا تھا۔ جائے حادثہ پر راحت اور بچاو کا کام جاری ہے۔ زخمی مزدوروں کو ضلع اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر پہنچے ضلع انتظامیہ کے افسران راحت اور بچاو کے کام میں مصروف ہو گئے ہیں۔ واقعہ قومی شاہراہ نمبر 28 پر واقع فوٹیا چوراہے کا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ فلائی اوور کے کنارے لوہے کا کلینپ لگا کر شٹرنگ پر کرنکیٹ کی ڈھلائی کا کام چل رہا تھا۔ اسی دوران فلائی اوور کا ایک حصہ گر گیا۔ اس معاملہ میں وزیراعلی یوگی نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلی نے مقامی انتظامیہ کو فوری امدادی کام شروع کرنے اور ٹریفک بحال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ملی معلومات کے مطابق، این ایچ اے آئی اس پل کی تعمیر کر رہی ہے۔
فلائی اوور کا تعمیراتی کام کروڑوں روپئے کی لاگت سے ہو رہا تھا۔ واقعہ کے بعد آمد ورفت ٹھپ پڑ گئی ہے۔ زخمی مزدوروں میں دھرمیندر سنگھ اور سریش رائے کی شکل میں دو کی شناخت ہوئی ہے۔ ان دونوں کو ضلع اسپتال بھیجا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر بستی کے ڈی ایم راج شیکھر اور ایس پی دلیپ کمار سمیت این ایچ اے آئی کے افسران موجود ہیں۔