سابق وزیر ایچ وائی میٹی کو کلین چٹ کا امکان
بنگلورو:18/اپریل(ایس او نیوز)جنسی گھپلہ بے نقاب ہونے کے بعد ریاستی وزارت سے ہاتھ دھونے والے ایچ وائی میٹی کے خلاف الزامات کی جانچ کرتے ہوئے سی آئی ڈی نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہے اور غالباً جانچ رپورٹ میں ایچ وائی میٹی کو کلین چٹ دے دی جائے گی۔ ایک خاتون کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں ایچ وائی میٹی کی ویڈیو کلپ منظر عام پر آنے کے بعد انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دیاتھا، اور فوری بعد وزیراعلیٰ سدرامیا نے اس معاملے کی سی آئی ڈی کے ذریعہ جانچ کے احکامات صادر کردئے تھے۔ سی آئی ڈی نے یہ جانچ مکمل کرلی ہے۔بتایا جارہاہے کہ تحقیقات کے دوران اس معاملے میں ایچ وائی میٹی کے خلاف سی آئی ڈی کو کوئی ثبوت دستیاب نہیں ہوا۔قابل اعتراض ویڈیو میں ایچ وائی میٹی کے ساتھ جو خاتون ہیں اس نے بھی ان کے خلاف بیان دینے سے صاف انکار کردیا۔ ناکافی شواہد کے سبب سی آئی ڈی اس کیس کو بندکرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ اسی لئے سی آئی ڈی ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ بہت جلد ہی اس معاملے مں ایچ وائی میٹی کو کلین چٹ دے دی جائے گی۔