کمٹہ میں محکمہ جنگلات کے افسران کا چھاپہ؛ 1.5لاکھ روپے مالیت کی ساگوانی لکڑی ضبط
کمٹہ 24؍جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے کمٹہ تعلقہ میں محکمہ جنگلات کے افسران نے ایک مصدقہ اطلاع پر ایک سواری پر چھاپہ ماری کی اور 1.5لاکھ روپے مالیت کی ساگوانی لکڑی ضبط کرلی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک مال بردار رکشہکے ذریعے بڈال سے کارگل کی طرف قیمتی ساگوانی درخت کے 14تنے، غیر قانونی طورپرلے جانے کی خبر ملنے پرمحکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں نے ایک مقام پر گھات لگاکر مذکورہ رکشہ کوروکا اور تلاشی لینے پر اس میں 1.5لاکھ روپے مالیت کی لکڑی بر آمد کی۔ افسران نے رکشہ اور لکڑی کے تنے ضبط کرنے کے علاوہ دو ملزمین کو بھی گرفتار کرلیا جن کے نام کارگل کے پارشو ناتھ اور سدا راج بتائے جاتے ہیں۔جبکہ رمیش نامی ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ساگوانی لکڑی کارگل کے رمیش بینّے کو پہنچائی جارہی تھی۔محکمہ جنگلات کے افسران نے بتایا کہ مفرور ملزم کو گرفتار کرنے اور اس غیر قانونی سرگرمی کو انجام دینے میں مقامی افراد کا ہاتھ بھی شامل ہونے کے تعلق سے پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔