کاروار 18؍اگست (ایس اونیوز) ٹیگور بیچ پر سیر وتفریح کرنے والے اور اس علاقے میں ماہی گیری کرنے والے یہ دیکھ کر حیرت اور تشویش میں مبتلا ہوگئے جب اچانک سمندری پانی کا نیلا رنگ سبز ہوگیا ہے۔
سمندری پانی کا بدلتا رنگ دیکھ کر مچھیروں نے اوشیئن بایولوجی اسٹڈی سنٹر کو فون کرکے اطلاع دی۔جس کے بعد سنٹر کے چیرمین جگن ناتھ این راتھوڈ، اسسٹنٹ پروفیسرشیواکمار ہاراگی اور ان کے طلبہ نے موقع پر پہنچ کر پانی کا معائنہ کیا۔جگن ناتھ نے بتایا کہ سمندری پانی کا رنگ بدلنے اور اس میں سے تیز بدبو آنے کااصل سبب بارش کے پانی اور غلاظتوں کے علاوہ مختلف دھاتوں کے عناصر کا اس میں گھل مل جانا اور اس کے نتیجے میں کائی algaeکا پیدا ہونا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ یہ ایک قدرتی عمل اور تبدیلی ہے اور اس سے عوام کو یا مچھلیوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچے گا۔البتہ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس برسوں میں سمندر کا پانی اس قدر گہراسبز کبھی نہیں ہواہے۔اس لیے انہوں نے مشورہ دیا کہ سمندری پانی میں ہونے والی بیرونی آلائشوں کو روکنے کے لئے مناسب اور ضروری اقدامات کیے جائیں۔
پروفیسرشیواکمار نے بتایا کہ پانی کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں ، ان کا کیمیاوی تجزیہ کرنے کے بعد اس میں موجودآلائشوں کے بارے میں مکمل رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو سونپی جائے گی۔