بنگلور میں حج بھون کا شاندار افتتاح ؛علما ء و عمائدین اور قائد ین کی شرکت، عازمین کا پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 28th August 2016, 1:19 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو۔27  اگست (عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) علمائے کرام و صوفیا عظام کی بابرکت دعاؤں کے ساتھ آج سنیچر کو شہربنگلور میں ملک کے عالیشان و خوبصو رت ترین حج گھر کا ایک پُر شکوہ تقریب میں افتتاح عمل میں آیا۔ ہیگڈے نگر کے ترومیناہلی میں منعقدہ تاریخی تقریب میں نہ صرف وزیر اعلیٰ، مرکزی وزراء بلکہ تمام پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے متعدد سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پرریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے حج بھون کا رسمی افتتاح کرتے ہوئے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ملک اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی، خوشحالی، امن و بھائی چارہ کیلئے دربار الٰہی میں دعا کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال انہوں نے اعلان کیا تھا کہ امسال سے عازمین حج کی روانگی ملک کے خوبصورت ترین حج بھون سے ہوگی، آج حج بھون کے افتتاح کے ساتھ ہی وہ اس وعدہ کو پورا کرنے میں کامیا ب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وہ تیار ہیں، وزیر اعلیٰ نے عازمین حج کیلئے روشن بیگ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اس سلسلہ کو برقرار رکھے ہوئے ہیں جو قابل رشک ہے۔

اس موقع پر جناب روشن بیگ نے اللہ رب العزت کا شکر بجالاتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کا بے حد کرم اور اس کا احسان ہے کہ آج ہم سب ہماری دیرینہ آرزو کی تکمیل دیکھ رہے ہیں، یہ حج بھون ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے، یہ ہماری اجتماعی کوششوں کی سوغات ہے، یہ حکومت کرناٹک کی جانب سے ریاست میں حج انتظامات کی بہتر کارکردگی کے لئے ایک تحفہ ہے۔ جس پر ملت کو ناز ہے۔ یہ باوقار دلکش اور خوبصورت عمارت اپنی انفرادی خصوصیات کے باعث ملک بھر میں ممتاز ہے۔ ہماری ریاست کی تاریخی عمارتوں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ ہماری ریاست کی مشترکہ تہذیب کی روشن علامت ہے۔

مولانا محمد طلحہ قاسمی نقشبندی:

دارالاحسان ممبئی کے بانی مولانامحمد طلحہ قاسمی نقشبندی صاحب نے بتایا کہ ایک ایسے دور میں جب کوئی ظاہری ذرائع نہیں تھے اللہ کے حکم پر حضرت ابراہیمؑ نے حج کا پیغام دیا، اور حضورﷺ نے بتایا کہ حضرت ابراہیمؑ کی اذان حج پر ساری دنیا کے لوگ پہنچیں گے۔ حضورﷺ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے بغیر کوئی اعلان نہیں کرتے تھے۔ حضورﷺ نے کہا تھا کہ ساری دنیا کے لوگ سرزمین حجاز پر جمع ہوں گے، اگر یہ درست ثابت نہ ہوتا تو قرآن پر دھبہ ہوتا اور رسول اکبرﷺ پر الزام لگتا، مگر اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کے معجزے کو سچ ثابت کرکے دکھایا۔ ہر زمانے میں وہاں کی حکومتوں نے مہمانان خدا کی خدمت میں کوئی سکر باقی نہیں رکھی ہے۔ وزیر برائے شہری ترقیات و حج آر روشن بیگ کی خدمات کی توسیف کرتے ہوئے مولانا طلحہ نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ جس سے چاہئے کام لے لیتا ہے، سب سے اچھا انسان وہ ہے جو لوگوں کے کام آتا ہے، حج بھون کا کارنامہ قابل تقلید ہے۔ کثیر المقاصد کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ روشن بیگ کا کارنامہ اس بات کی دلیل ہے کہ امت مسلمہ ابھی بانجھ نہیں ہوئی ہے، یہ امت ایسے افراد پیدا کرتی ہے جو کچھ کرگزرتے ہوں۔ اسی طرح ممبئی کی ایک شخصیت صابو صدیق سے آج مہاراشٹرا کا ہر مومن فیض یاب ہورہا ہے، جو ان کیلئے ثواب جاریہ ہے، اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ اس نے قوم میں روشن بیگ جیسا جیالا پیدا فرمایا، اس کیلئے قوم قابل مبارکباد ہے۔

غلام نبی آزاد:
راجیہ سبھا کے اپوزیشن لیڈر و سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں صدر جلسہ روشن بیگ اپنے کارناموں کی وجہ سے کافی روشن ہیں، ان کے مطابق ان کی سیاسی زندگی کی ابتداء ہی سے وہ کسی نہ کسی صورت میں حج امور سے منسلک رہے۔ 1980 میں جب وہ رکن پارلیمان منتخب ہوئے تو تب وزیر اعظم اندرا گاندھی نے انہیں مرکزی حج کمیٹی کارکن نامزد کیاتھا۔ اس وقت ممبئی سے سمندری سفر کے ذریعہ عازمین روانہ ہوتے تھے، اور ممبئی میں سابق صدر ہند فخر الدین کے ذریعہ جس حج ہاؤز کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، اس کا کام پورا نہیں ہوپایا تھا، جب دریافت کیاگیا تو پتہ چلا کہ وہاں پر پولیس کمشنر دفتر کاٹی کارنر موجود تھے۔ اسی وقت انہوں نے تب کے وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا اے آرانتولے سے ملاقات کی تھی، جس کے سبب اس کا تعمیر کام شروع ہوا۔ جب ہوائی سفر کا آغاز ہوا تو اندرا گاندھی سے انہوں نے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سفری اخراجات زیادہ ہوں گے، جو عازمین برداشت نہیں کرسکتے تو اندراجی نے سبسیڈی نظام رائج کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مومن کا فریضہ ہے کہ وہ ملک کی بقاو سلامتی کیلئے لگ جائیں۔ جب اقتدار ملے تو ہمارے قائدین کو چاہئے کہ وہ ملت کی خدمت کریں۔ جب وہ شہری ہوابازی کے وزیر تھے اس وقت کئی ایرپورٹوں کی توسیع کی گئی اور حج کے ایمبارکیشن مراکز کی تعداد میں اضافہ کیاگیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فریضہ حج ادا کرسکیں۔ جناب غلام نبی آزاد نے بتایا کہ موجودہ تناؤ کے ماحول میں ہر کسی کو فریضہ حج ادا کرنا ضروری ہے، کیونکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد زندگی میں جو تبدیلیاں آتی ہیں، اس سے معاشرہ میں سدھار آسکتا ہے۔ بین الاقوامی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے جناب آزاد نے بتایا کہ مسلم ممالک کو برباد کرنے کی بین الاقوامی سازیش ہورہی ہیں اور ہمارے نوجوان اس کا شکار ہورہے ہیں، تاہم ملک میں ایسے حالات بالکل نہیں ہیں اور ہمارا ملک ان سازشوں سے محفوظ ہے۔

ڈگ وجئے سنگھ:
اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و سابق مرکزی وزیر ڈگ وجئے سنگھ نے اپنی مختصر تحریر میں اس تاریخی جلسہ میں مدعو کرنے پر جناب روشن بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ملک میں امن، بھائی چارہ و سلامتی کیلئے دعا کریں۔ کیونکہ سچے دل سے دعا مانگیں تو وہ ضرور قبول ہوگی۔

ملیکارجن کھرگے:
لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے قائد ملیکارجن کھرگے نے حج بھون کا تاج محل سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی خوبصورت جگہ آگئے ہیں، اسے ملک خوبصورت ترین حج بھون قرار دیا جاسکتا ہے، جو تاج محل سے کم نہیں ہے۔ غلام نبی آزاد حج بھون کی کشش کے سبب ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ یہاں پہنچ گئے ہیں۔ 87 کروڑ کے تخمینہ سے عالیشان و خوبصورت عمارت تعمیر ہوئی ہے، یہاں پر عازمین کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی، روشن بیگ نے کانگریس حکومت کے دور میں عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے جناب روشن بیگ سے درخواست کی کہ وہ بنگلورو کے طرز پر حیدرآباد، کرناٹک کے عازمین کیلئے حیدر آباد میں حج بھون تعمیر کریں۔

دھرم سنگھ:
سابق وزیر اعلیٰ دھرم سنگھ نے ناسازی صحت کے باوجود افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ جناب روشن بیگ نے اپنے تصور کے مطابق حج بھون تعمیر کیا ہے۔ اقلیتوں کے تئیں روشن بیگ کی خدمات قابل ستائش ہیں، یہاں پہنچتے ہی مذہبی جذبات کا بھر کر آنا لازمی نظر آرہا ہے۔

مولانا تنویر ہاشمی:
الہاشمی ٹرسٹ وجئے پور کے صدر مولانا تنویر پیراں ہاشمی نے بتایا کہ آج جناب روشن بیگ صاحب کی بدولت کرناٹک کے لاکھوں مسلمانوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ جناب روشن بیگ کے بے شمار کارنامے ہیں۔ ان کے نام کی مناسبت سے تاریکی ان کے قریب بھی نہیں آتی۔ وہ اپنے نام اور کام دونوں سے روشن ہیں۔ مولانا نے بتایا کہ جس طرح مسلالمین ہند کے حوالے سے لال قلعہ، قطب مینار، تاج محل اور گول گنبد کا نام لیا جاتا ہے، اسی طرح بنگلورو کے حج بھون کے ساتھ جناب روشن بیگ کا نام بھی ضرور لیا جائیگا۔ سفر حج ایسا سفر ہے، جس پر تمام سفر قربان کردئے جاتے ہیں۔ مولانا نے زور دیکر کہا کہ حج کا منظر و حدت اسلامی کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ عالم اسلام میں امن، وحدت و اتحاد کی دعا فرمائیں۔

مولانا لطف اللہ رشادی:
مسجد قادریہ کے خطیب و امام مولانا لطف اللہ مظہر رشادی نے بتایا کہ کرناٹک کے مسلمانوں کا دیرینہ خوگاب آج شرمندہ تعمیر ہوا ہے۔

سدانندا گوڈا:
مرکزی وزیر برائے منصوبہ بندی ڈی وی سدانندا گوڈا نے بتایا کہ آج حج بھون کے افتتاح سے مسلمانان کرناٹک کو جتنی خوشی ہوئی ہے، اس سے دس گناہ زیادہ خوشی انہیں ہوئی ہے، جس طرح عازمین پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں برستی ہیں، اسی طرح انہیں امید ہے کہ ان پر ہی اللہ کی رحمت نازل ہوگی۔ خدائے تعالیٰ نے انہیں وزیر اعلیٰ بنایا اور ان کے ذہن میں یہ بات ڈالی کہ حج بھون کیلئے 40 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں تو انہیں نے اس پر پہل کی۔ اس وقت محکمہ اقلیتی بہبود، سکریٹری سید ضمیر پاشاہ کی دلچسپی کے سبب اس کا سنگ بنیاد ہی عمل میں آیا۔

مختار عباس نقوی:
مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی بہبود و پارلیمان امور مختار عباس نقوی نے بارش کے سبب اپنے مختصر سے خطاب میں حج بھون کی تکمیل پر جناب روشن بیگ کو مبارکباد پیش کی۔ جامع مسجد سٹی کے خطیب و امام مولانا مقصود عمران رشادی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مفتی افتخار قاسمی، مولانا زین العابدین رشادی، مولانا قیوم عباس بھی موجود تھے۔
جلسہ کا آغاز مولانا زبیر احمد کی قرأت اور مولانا حنیف افسر عزیزی کی نعت پاک سے ہوا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری محمد محسن نے استقبال کیا اور ریاستی حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو افسر سرفراز خان نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ریاستی اسمبلی کے اسپیکر کے بی کولیواڈ، سابق مرکزی وزراء سی کے جعفر شریف، کے رحمن خان، ریاستی وزراء ہچ سی مہادیوپا، ٹی بی جئے چندرا، تنویر سیٹھ، یو ٹی قادر، کرشنا بائرے گوڈا، کے پی سی سی کارگزار صدر دنیش گنڈوراؤ، سابق وزیر نصیر احمد، اراکین اسمبلی ین اے حارث، ڈاکٹر رفیق احمد شیخ، فیروز نورالدین سیٹھ، اقبال انصاری، بھائرتی بسوراج، اراکین کونسل رضوان ارشد، عبدالجبار، پرسٹیج گروپ کے عرفان رزاق، اقلیتی کمیشن چیرپرسن بلقیس بانو، اردو اکادمی چیرمین عزیز اللہ بیگ، عبید اللہ شریف، ڈاکٹر محمد یوسف، حج کمیٹی کے سابق چیرمین یم یم احمد، کارپوریٹرس یم کے گنا شیکھر، ضمیر شاہ، اے آر ذاکر، رضوان نواب، نوشیر احمد، سابق چیف وہپ سلیم احمد، اجمل بیگ، کے یم ممتا، سیما الطاف خان، شکیل احمد، انصر پاشاہ، عبدالواجد، جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ کے چیرمین انور شریف، مجاہد پاشاہ، کے پی سی سی اقلیتی چیرمین وائی سعید احمد کے علاوہ سرکردہ لیڈرس موجود تھے۔ ہلکی بازش کے باوجود عوام بڑی تعداد میں جمع تھے۔


پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ:
حج بھون کے افتتاح کے ساتھ ہی عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ رات گیارہ بجے معززین کی موجودگی میں وزیر برائے شہری ترقیات و حج آر روشن بیگ نے پہلے قافلہ کو وداع کیا۔ AI 4117 طیارے کے ذریعہ 340 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ علی الصبح 3.30 بجے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایر پورٹ کے حج ٹرمنل سے تلبیہ کے ساتھ سوئے حرم روانہ ہوگا۔ پہلے قافلہ میں 176 مرد اور 166 خواتین شامل ہیں۔ کل اتواررات 10.10 بجے AI 5801 کے ذریعہ 340 عازمین پر مشتمل دوسرا قافلہ سوئے حرم روانہ ہوگا، جس میں 183 مرد اور 157 خواتین شامل ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

بیدر میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم مودی پر کی سخت تنقید 

بیدر کے انتخابی دورہ پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر  یہ کہہ کر سخت تنقید کی کہ  اُنہیں انتخابات کے موقع پر ہی  کرناٹک کی یاد آتی ہے۔ شہر کے گنیش میدان میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں شدید خشک سالی ...

مودی-شاہ دکاندار ہیں اور اڈانی-امبانی خریدار، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کا مودی حکومت پر سخت حملہ

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کرناٹک کے کلبرگی میں پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر آج سخت ترین حملہ کیا۔ انہوں نے ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں قبل قائم کی گئی حکومت کی ملکیت والی فیکٹریوں کو مودی-شاہ امبانی-اڈانی کے ہاتھوں فروخت کر رہے ہیں۔

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی تشہیری مہم کا تھم گیا شور؛ کرناٹک کے 14 حلقوں سمیت 12ریاستوں میں کل جمعہ کو ہوں گے انتخابات

لوک سبھا انتخابات کے لئے دوسرے مرحلے کی تشہیری مہم بدھ کی شام  5؍ بجےختم ہوگئی۔اس مرحلے میں یوپی ،بہار،ایم پی اورراجستھان سمیت کرناٹک میں ہونے والے دو مراحل  میں سے پہلے مرحلہ کے انتخابات کے ساتھ ساتھ 13؍ریاستوں کی 88؍ سیٹوں پر بھی  کل جمعہ 26 اپریل کوانتخابات ہوں گے۔  تمام ...

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

کرناٹک کی کانگریس حکومت کا اہم قدم؛ ملازمتوں اورتعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے لیےمسلمانوں کو کیا او بی سی میں شا مل

کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ریاست کے مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن دینے کے  مقصد سے  او بی سی  (یعنی دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ اس تعلق سے  معلومات فراہم کرتے ہوئے  نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (NCBC) نے بدھ کو کرناٹک حکومت کے اعداد و ...

بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے: وائی ایس شرمیلا ریڈی

کانگریس کی آندھرا پردیش یونٹ کی صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے منگل کو بی جے پی پر مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کو ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ بتاتے ہوئے انہوں نے ایسی پارٹی سے تعلق برقرار رکھنے پر وزیر اعلیٰ وائی ایس سے کہا کہ ۔ جگن موہن ریڈی اور ٹی ڈی پی ...