بنگلورو سے عازمین حج کا پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ؛ ریاست کے ساڑھے چھ کروڑ لوگوں کی جان ومال کاتحفظ ہماری ذمہ داری:سدارامیا

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 8th August 2017, 4:01 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،8؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے  حج بھون میں بنگلور سے سفرحج 2017 کی حج پروازوں کا افتتاح کرنے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی مذہب انسان کو انسان سے نفرت کرنا نہیں سکھاتا۔ ہر دھرم میں انسان سے محبت کرنا ہی سکھایا گیا ہے لیکن کچھ لوگ اپنے سیاسی فائدے کے لئے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں ۔ حقیقت میں وہ کسی مذہب سے محبت نہیں کرتے ۔ان مفاد پرست قائدین کے مشورہ پر دھیان نہ دیں ۔انہوں نے کہاکہ اس ملک کے دستورمیں سکیولرزم کو بڑی اہمیت ہے اور جو بھی حکومت اقتدار پر رہتی ہے اس کا فرض ہے کہ وہ سکیولرزم اورتمام طبقات کے لوگوں کے جان ومال کا تحفظ کرے۔ انہوں نے کہاکہ سکیولرزم کا تحفظ دل سے کرناچاہئے،کسی خاص مقصد کے لئے نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کرناٹک میں ان کی حکومت سکیولرزم کی پابند ہے ۔ اس ریاست کے ساڑھے چھ کروڑ عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کی حکومت ریاست کے امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نپٹے گی۔ بالخصوص کمزور طبقات اور اقلیتوں کے جان ومال کی حفاظت کرنا ان کی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ریاست کے امن وامان میں خلل ڈالنے والے چاہیں جو بھی ہوں ان کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حج بھون سے دوسرے سال عازمین حج بیت اﷲ تشریف لے جارہے ہیں ۔عازمین سے انہوں نے اس ملک بالخصوص ریاست کرناٹک میں امن وامان اورخوشحالی کے علاوہ اگلے اسمبلی انتخابات میں کرناٹک میں کانگریس ہی اقتدار پر آنے کی دعا کرنے کی درخواست کی۔ اس مرتبہ کسٹم کی جانچ اور امیگریشن کلیرنس حج کیمپ سے بدل کرایرپورٹ پر کرنے جاری احکامات کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ کل مرکزی وزیر ارون جیٹلی اوروزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھ کر کسٹم کی جانچ اورامیگریشن کلیرنس حج کیمپ ہی میں کرنے کے نظام کو بحال کرنے کی درخواست کریں گے ۔

گائے کو دیکھ کر ڈرنا پڑ رہا ہے:ریاستی وزیربرائے شہری ترقیات وحج اورریاستی حج کمیٹی کے صدر نشین جناب آرروشن بیگ صاحب نے استقالیہ تقریر میں کہاکہ پچھلے 21سال سے رضاکار حج کیمپ میں رضاکار دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اس مرتبہ خود ان کے فرزند آررومان بیگ چیف رضاکار کی حیثیت سے تمام رضاکاروں کی رہنمائی کررہے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہم رہیں یا نہ رہیں بلکہ حج انتظامات سنبھالنے کے لئے دوسری صف تیار ہوجائے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے 20سالوں سے عازمین کے کسٹم کی جانچ اورامیگریشن چک حج کیمپ میں ہی کیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ ایرپورٹ میں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کی میں کرناٹک کے تمام مسلمانوں کی جانب سے مذمت کرتاہوں اور وزیراعلیٰ سے درخواست کرتاہوں کہ وہ فوری مرکزی حکومت کے نام مکتوب لکھ کر عازمین کے کسٹم کی جانچ اورامیگریشن چک کو حج کیمپ ہی میں بحال کرنے کی درخواست کریں ۔غازی آباد کے حج ہاؤز میں سفرحج پر روانہ ہونے والے عازمین پر کی گئی لاٹھی چارج کی پرزور مذمت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے وزرائے اعلیٰ سے کہاکہ فرقہ پرست کرناٹک کے پرامن ماحول میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس کی ابتداء ریاست کے ساحلی علاقوں سے کی جارہی ہے اس کا سخت نوٹس لینے اور اقلیتوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی انہوں نے درخواست کی ۔اس مرتبہ آئی ایم اے کی جانب سے حج بھون میں عازمین کے 16 دنوں کے کھانے پینے کی اسپانسر شپ کی گئی ہے جس پر وزیر موصوف نے آئی ایم اے کے منیجنگ ڈائرکٹر محمد منصور خان کا شکریہ ادا کیا ۔ سال گزشتہ کی طرح امسال بھی حج بھون سے منسلک کے این ایس تعلیمی اداروں کے احاطہ میں عازمین کے رشتہ داروں اور خیرخواہوں کے قیام اور دیگر ضروریات کے لئے دی گئی جگہ کے لئے انہوں نے سابق مرکزی وزیرجناب سی کے جعفرشریف ،پچھلے کئی سالوں سے حج کیمپ میں بنیادی ڈھانچے فراہم کرنے والے جناب عباس خان اینڈ برادران کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ نہایت ہی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پہلے شیر کو دیکھ کر ڈراجاتا تھا لیکن اب مسلمانوں کو گائے دیکھ کر ڈرنا پڑ رہا ہے کہیں شبہ کی بنیاد پر کسی بھی مسلمان کو مارپیٹ کر ہلاک نہ کردیا جائے۔ ریاست کرناٹک میں وزیراعلیٰ سدارامیا نظم وضبط کی بحالی کے لئے اورامن وامان کے لئے جس ہمت کے ساتھ کنٹرول کررہے ہیں اس کی ستائش کرتے ہوئے روشن بیگ نے سفرحج پر روانہ ہورہے عازمین سے عالم اسلام ،ملک اورریاست کرناٹک میں امن وامان، حج کیمپ میں خدمات انجام دے رہے رضاکاروں کیلئے دعا کرنے کی درخواست کی۔

محمدمنصورخان:آئی ایم اے چاری ٹیبل سوسائٹی کے منیجنگ ڈائرکٹر جناب محمد منصور خان نے اپنی تقریر میں کہاکہ ان کے ادارہ کو اس مرتبہ حج بھون میں تقریباً 5 ہزار عازمین حج کی خدمات کا موقع فراہم کرنے پر وزیرموصوف روشن بیگ صاحب اور ان کے رفقاء کا شکریہ ادا کیا ۔آئی ایم اے کی جانب سے شیواجی نگر کی وی کے عبیداﷲ اسکول کی ازسرنوتعمیرکا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس اسکول میں 2700 طلبا کو آرٹی ای کے تحت مفت تعلیم دینے کا انتظام کیا گیا ہے ۔آج پہلی حج پرواز بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے علی الصباح 3-40بجے سوئے حرم روانہ ہوئی۔ پہلا قافلہ 340عازمین پر مشتمل تھا ۔جس میں 176 مرد اور164 خواتین شامل تھے ۔محکمہ اقلیتی بہبود اوقاف وحج کے سکریٹری جناب محمد محسن آئی اے ایس نے اپنی استقبالیہ تقریر میں کہا کہ 87 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیرہونے والے اس حج بھون کیلئے وزیراعلیٰ سدارامیا نے 57 کروڑ روپئے فراہم کرکے بہت بڑی مدد کی ہے ۔جناب محمد اعظم شاہد نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔اس نورانی تقریب میں حضرت مفتی محمداشرف علی صاحب امیرشریعت کرناٹک نے دعائیہ کلمات سے نوازا۔اس تقریب میں شرکت کرنے والے اہم قائدین وعمائدین میں ریاستی وزراء رام لنگاریڈی ، کے جے جارج ،یوٹی قادر، رکن اسمبلی مقبول باغوان، اراکین کونسل ایچ ایم ریونا ،عبدالجبار خان، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مدھو یاکشی گوڈ، کے پی سی سی جنرل سکریٹری محمد عبیداﷲ شریف ،آغا سلطان، ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین نصیراحمد، نوجوان قائد آررومان بیگ ،تمام مسلم کارپوریٹرس اور مختلف ملی اداروں کے عہدیداران شامل ہیں ۔
 

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔