سیل توڑنے پر بی جے پی ریاستی صدر منوج تیواری کے خلاف ایف آئی آر درج
نئی دہلی ،19؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر منوج تیواری پر ایک پراپرٹی کا سیل توڑنے کے معاملے میں کارپوریشن کی شکایت پر پولس نے کیس درج کرلیا ہے۔ شمال مشرقی ضلع کے ڈی سی پی اتل کمار ٹھاکر کے مطابق کارپوریشن سے ملی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ188/461/465ڈی ایم سی ایکٹ کے تحت گوکل پوری تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق اتوار کو منوج تیواری اپنے پارلیمانی حلقہ شمال مشرقی دہلی کے گوکل پوری میں ایک سڑک کے افتتاح کے موقع پر پہنچے تھے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے ایک مکان میں لگی سیل کی شکایت منوج تیواری سے کی۔ جس کے بعد منوج تیواری نے فوراً ہتھوڑا منگایا اور گھر میں لگی سیل کو توڑ دیا۔ اس معاملے میں کارپوریشن کے افسروں نے بتایا کہ گوکل پوری کی جس پراپرٹی کو سیل کیا گیا تھا وہ غیر قانونی طور سے بنائی گئی تھی جسے ویٹنری ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے سیل کیا تھا۔ فی الحال پولس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔