ہبلی میں بائک چوری کے ملزم بیٹے کو بچانے کی کوشش میں باپ کے پیٹ میں چھرا گھونپا گیا؛ باپ ہلاک
ہبلی 8؍اگست (ایس او نیوز)ہبلی کے بینڈی گیری پولیس اسٹیشن حدود میں بائک چوری کرنے کے الزام میں بیٹے کو حملے سے بچانے کی کوشش میں اس کا باپ اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق شرینواس نامی نوجوان پر الزام تھا کہ اس نے بائک چوری کی ہے۔ جب بائک کے مالک اور دیگر لوگوں نے شرینواس کو پکڑ کر پیٹائی کرنے کی کوشش کی تو اس کو بچانے کے لئے شرینواس کاباپ تروپتی ویراپور(۴۵سال)جو مہانگر پالیکے میں ڈرائیور تھا، آگے آیا۔ جھگڑے کے دوران کسی نے تروپتی کو چاقو گھونپ کر شدید زخمی کردیا۔فوری طورپر زخمی تروپتی کو کیمس اسپتال میں داخل کیاگیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس نے دم توڑ دیا۔بتایا جاتا ہے کہ چاقو گھونپنے کے بعد ملزمین موقع سے فرار ہوگئے ۔
بینڈی گیری پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔