انسپکٹرجنرل آف پولیس کا بہروپ اختیار کرنے والی منگلورو کی خاتون بنگلورو میں گرفتار
منگلورو 10؍مارچ (ا یس اونیوز) منگلورو رسے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو بنگلورو میں بناشنکری پولیس نے اس الزام میں گرفتار کیا ہے کہ اس نے اپنے آپ کو انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈی روپا کی حیثیت سے متعارف کرواتے ہوئے لکھنؤ اترپردیش کے ایک پولیس آفیسر کو فون کیا اور اپنے لئے لکھنؤ کے ایک نجی ہوٹل میں روم بُک کروانے کا حکم دیا تھا۔
گرفتار شدہ خاتون کا نام آشا پرکاش (42سال) ہے۔اس نے لکھنؤ کے پولیس آفیسر کو آئی جی پی کرناٹکاہوم گارڈزکے روپ میں فون کیاتھا اور بتایا تھا کہ وہ کسی کام سے لکھنؤ آرہی ہے اس لئے 29دسمبر 2018سے 3جنوری2019تک اس کے لئے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں روم بُک کروایا جائے۔لکھنؤ کے پولیس آفیسر نے فون کال پر اعتبارکرتے ہوئے اس خاتون کو حقیقی معنوں میں آئی جی پی مان کر اس کے لئے ہوٹل میں کمرہ بُک کروادیا۔
روم بُک ہوجانے کے بعد آئی جی پی روپا کو ذاتی طور پر جاننے والے لکھنؤ پولیس ڈپارٹمنٹ کے ایک اور آفیسرنے فون کرکے آئی جی پی روپا کو کمرہ بک کیے جانے کی اطلاع دی۔ یہ سن کر انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈی روپا حیران ہوگئیں اور لکھنؤ کے پولیس آفیسر کو بتادیا کہ نہ وہ لکھنؤ کے سفر پر آرہی ہیں اور نہ ہی فون پر اپنے لئے کمرہ بک کروانے کی درخواست کی ہے۔ پھر آئی جی پی روپا نے بناشنکری پولیس اسٹیشن میں اس بہروپ اختیار کرنے والی انجان خاتون کے خلاف شکایت درج کی ۔
بناشنکری پولیس نے کیس درج کرنے کے بعدتحقیقات کرتے ہوئے لکھنؤ پولیس آفیسر کو کال کرنے کے لئے استعمال کیے گئے موبائل فون نمبر کی بنیاد پر آشا پرکاش کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون اپنے فون سے لکھنؤ کے پولیس آفیسر کو کال کرنے اور کمرہ بُک کروانے کی بات سے انکار کررہی ہے۔ پولیس والے اس تعلق سے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔