ایردوآن آئندہ ہفتے سعودی عرب ، کویت اور قطر کا دورہ کریں گے
انقرہ،18؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ترکی میں ایوانِ صدارت نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوآن 23اور 24؍جولائی کو سعودی عرب ، کویت اور قطر کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ترکی کے صدر کا یہ دورہ خطے میں قطر کے بحران سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں ہے۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر قطر کے بحران کے حوالے سے ترکی کے موقف کو جانب دارقرار دے چکے ہیں۔عرب اور اسلامی ممالک نے گزشتہ ماہ دوحہ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ اس اقدام کا سبب قطر پر دہشت گرد جماعتوں کی فنڈنگ اور ایران کے ساتھ اس کے اتحاد سے متعلق الزامات ہیں، جن کے نتیجے میں خلیج اور پورے خطے کے امن کو خطرے کا سامنا ہے۔انقرہ نے قطر میں فوجی اڈہ قائم کرنے یا دوحہ بھیجے جانے والے فوجیوں کو واپس بلانے کے فیصلے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا تھا۔