جموں وکشمیر کے گورنر کی جاوڑیکر سے درخواست، کشمیری طالب علموں کی تعلیم متاثر نہ ہو
سری نگر ،16؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے منگل کو انسانی وسائل و ترقی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر سے یہ یقینی بنانے کو کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں کشمیری طالب علموں کی تعلیم میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ گورنر نے ایچ آر ڈی وزیر اور اور اے ایم یو کے وائس چانسلر طارق منصور سے اس سلسلے میں بات کی ہے۔ملک نے ان سے یہ یقینی بنانے کی درخواست کی کہ یہ مسئلہ جلد سے جلد حل ہو اور کشمیری طالب علموں کی پڑھائی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور انہیں محفوظ تعلیمی ماحول میں پڑھائی جاری رکھنے دی جائے۔گورنر نے یہ درخواست ایسے وقت کی ہے جب اے ایم یو کے حکام نے کشمیری کے دو طالب علموں کو ہلاک حزب المجاہدین کے کمانڈر منان بشیر وانی کی نماز جنازہ میں شامل ہونے پر معطل کیا ہے۔ وانی جنوری تک اے ایم یو میں پی ایچ ڈی کا طالب علم تھا۔وہ دہشت گردوں کے ساتھ مل گیا تھا اور 11 اکتوبر کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارا گیا تھا۔