منگلورومیسکام مزدوروں کو لگا ہائی ٹینشن وائر کا جھٹکا۔ ایک ہلاک 8شدید زخمی
منگلورو18؍جولائی (ایس او نیوز) مارائوور بس اسٹائنڈ کے قریب الیکٹرک کا نیا کھمبا نصب کرنے میں مصروف منگلورو الیکٹرک سپلائی کمپنی (میسکام) کے مزدور ہائی ٹینشن وائر کی زد میں آنے سے ایک کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ بجلی کے جھٹکے لگنے سے دیگر 8مزدور شدید زخمی ہوگئے ،جنہیں علاج کے لئے نجی اسپتال لے جایا گیا ہے، واردات آج بدھ کی شام کو پیش آئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق میسکام میں ٹھیکیداری پر کام کرنے والے مزدور ایک نیا بجلی کا کھمبا نصب کر رہے تھے۔ اس دوران اس علاقے سے گزر رہی ہائی ٹینشن وائر کھمبے کو چھو گئی اور مزدوروں کو بجلی کا زوردار جھٹکا لگا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت گنیش (۵۵سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ دنینش، وشواناتھ، آنند، گوپال، کرشنا، دھنن جیا، پدمنابھا اور موہن زخمی شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
اس حادثے کے لئے میسکام کے افسران کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے ،کیونکہ انہوں نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزدوروں کو کام پر لگانے سے پہلے اس علاقے کی ہائی ٹینشن وائر سے بجلی کی سپلائی منقطع نہیں کی تھی۔پولیس نے جائے قوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ہے اور کیس درج کرلیا ہے۔