بنگلورو میں الیکشن فلائنگ اسکواڈ نے ضبط کیے 12.5کروڑ روپے مالیت کے 42کیلوگرام وزنی سونے کے زیورات؛ چار گرفتار
بنگلورو28؍اپریل (ایس او نیوز) بنگلورو ڈسٹرکٹ پولیس اور الیکشن فلائنگ اسکواڈ کے افسران نے بنگلور دیون ہلّی کے بالیپورا چیک پوسٹ پر 42کیلوگرام وزنی سونے کے زیورات ضبط کرتے ہوئے چار لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ جن کی مالیت کا اندازہ 12.5کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افیسر نے بتایا کہ فلائنگ اسکواڈ نے چنارایا پٹنا ہوبلی میں بالیپورا چیک پوسٹ کے پاس ایک SUVکار کو صبح روکا اور اس گاڑی میں موجود چارمسافروں کی تلاشی لینے پر ان کے پاس پانچ باکس کے اندر رکھے ہوئے سونے کے زیورات برآمد ہوئے جن کا وزن 42 کیلوگرام تھا۔
ابتدائی تفتیش کے وقت کار میں سفر کررہے مشتبہ فراد نے کچھ کاغذات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ زیورات ٹائٹان کمپنی کو سپلائی کرنے کے لئے ہیں اور انہیں چینئی لے جایا جارہا ہے۔حالانکہ کسٹمز سے انہیں کلیئرنس مل گیا تھا، مگر اتنی بڑی مقدار میں سونا ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے جانے کے لئے انتخابی ضابطۂ اخلاق کے تحت الیکشن کمیشن سے کلیئرنس ضروری تھا، جو انہوں نے حاصل نہیں کیا تھا۔لہٰذا الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پرکیس درج کرکے ان زیورات کو ضبط کر نے کے ساتھ مسافروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
10.8لاکھ روپے ضبط: ایک دوسرے معاملے میں الیکشن فلائنگ اسکواڈ نے 10.8لاکھ روپے کی غیر محسوب رقم بھی ضبط کرلی ہے۔یہ واقعہ آنیکل میں سرجا پورچیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔موصولہ رپورٹ کے مطابق ریئل ایسٹیٹ بزنس سے وابستہ این کمار یہ رقم اپنے ساتھ کار میں لے جارہا تھا۔ چیکنگ کے دوران اس کے پاس سے جو رقم برآمد ہوئی اس کا کوئی حساب وکتاب دینے لائق دستاویزات اس کے پاس موجود نہیں تھے۔افسران نے یہ رقم ضبط کرلی ہے۔