جزیرہ سیناء میں مصری فوج کی کارروائی میں 19 جنگجو ہلاک
قاہرہ،21اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصری فضائیہ نے ایک تازہ آپریشن میں جزیرہ نما سینا میں سرگرم داعشی دہشت گردوں کے خلاف ایک کارروائی کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور ان کی چارگاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مصری فوج کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جزیرہ نما سینا کے وسط اور شمال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر کو جنگی طیاروں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جزیرہ سینا میں داعش کے کئی سرکردہ کمانڈروں، تنظیم کی شرعی کونسل کے سربراہ سمیت انیس جنگجو ہلاک ہوگئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز جزیرہ سینا میں دہشت گردوں اور تکفیر عناصر کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ادھر مصری فوج نے بتایا ہے کہ حال ہی میں ملک میں گرجا گھروں پر حملوں میں ملوث ایک دہشت گرد نے خود کو حکام کے حوالے کردیا ہے۔